کسی بڑے ناخوشگوار واقعہ کے بغیر جشن جمہوریہ کا اختتام ‘ یکادکا بم دھماکوں کے واقعات ‘آسام میں کم شدت کے بم دھماکہ
نئی دہلی ۔ 26جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) یوم جمہوریہ کی 69ویں سالگرہ ملک گیر سطح پر تمام ریاستوں میں جوش وخروش اور خوشی و مسرت کے ساتھ منائی گئی ۔ سرینگر میں کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی ‘ حالانکہ یوم جمہوریہ تقریب کو عسکریت پسندوں کی جانب سے نشانہ بنانے کا اندیشہ تھا ۔ صیانتی انتظامات سخت کردیئے گئے تھے اور اسٹیڈیم کے اطراف کئی مراحل پر مشتمل صیانتی محاصرہ کرلیا گیا تھا ۔ تقریب میں کئی سرکاری ملازمین اور سیاسی کارکنوں نے حصہ لیا ۔ چندی گڑھ سے موصولہ اطلاع کے بموجب ریاست پنجاب اور ہریانہ کے مشترکہ دارالحکومت چندی گڑھ میں آئی آئی ٹی کے احاطہ میں دونوں ریاستوں کی جانب سے کسی ناخوشگوار واقعہ کے بغیر یوم جمہوریہ تقریب منائی گئی ۔ اڈیشہ میں یوم جمہوریہ تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر پٹنائیک نے کہا کہ اڈیشہ کی شرح ترقی اوسط قومی شرح ترقی سے بھی زیادہ ہوچکی ہے ۔ پاناجی سے موصولہ اطلاع کے بموجب گورنر گوا نے منشیات کی اسمگلنگ اور بردہ فروشی پر اظہار تشویش کیا ۔ گجرات میں یوم جمہوریہ پریڈ کے دوران گجرات کی جانب سے مہاتما گاندھی کے ورثہ کی جھانکی پیش کی گئی ۔ مہاراشٹرا میں گورنر نے یوم جمہوریہ تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ ریاست مہاراشٹرا کی معاشی شرح ترقی گذشتہ چار سال کے دوران 9فیصد ہوچکی ہے ۔ مغربی بنگال میں یوم جمہوریہ تقریب پورے جوش و خروش اور انقلابی جذبہ کے ساتھ منائی گئی ۔ پورے مغربی بنگال میں خوشی و مسرت کا ماحول تھا ۔ یوم جمہوریہ تقریب میں اہم شخصیات اور عوام کی ملی جلی شرکت دیکھی گئی ۔ تھروننتا پورم سے موصولہ اطلاع کے بموجب گورنر کیرالا نے نوجوانوں کے سیاسی جھگڑوں میں ملوث ہونے پر تشویش ظاہر کی ۔ لیفٹننٹ گورنر پوڈیچری کرن بیدی نے کہا کہ ریاستی کابینہ کے وزراء ‘ اسپیک اور ارکان اسمبلی کی اس تقریب میں شرکت پر انہیں بیحد خوشی حاصل ہوئی ہے ۔ رانچی سے موصولہ اطلاع کے بموجب جھارکھنڈ شرح ترقی کے اعتبار سے پورے ملک میں دوسرے مقام پر ہے ۔ گورنر دروپتی مرمو نے اس ترقی پر اظہار مسرت کیا ۔ اگرتلا سے موصولہ اطلاع کے بموجب گورنر تریپورہ نے کہا کہ عوام کو اس موقع پر جمہوری اقدار کے تحفظ کا عہد کرنا چاہیئے ۔ مگھالیہ میں گورنر نے کہا کہ ریاست سیاحوں کا پسندیدہ مقام بن گئی ہے ۔ ٹاملناڈو میں گورنر پروہت نے تقریب کی قیادت کی ۔ اروناچل پردیش کے گورنر نے عوام سے خواہش کی کہ ریاست کی ترقی میں اپنا حصہ ادا کریں ۔ میزورم میں تقاریب پُرامن رہیں ۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش میں یوم جمہوریہ تقریب پورے جوش و مسرت کے ساتھ منائی گئی۔