صدر منتخب ہونے پر تمام تیقنات کی تکمیل کا اعلان ‘ منگل سے قبل موقف مستحکم کرنے کی کوشش
کولمبیا۔28فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ڈونالڈ ٹرمپ متنازعہ ری پبلکن صدارتی امیدوار ایک بار پھر ہندوستان اور چین پر الزام عائد کیا کہ وہ امریکیوں کی ملازمتوں کا سرقہ کررہے ہیں اور عہد کیا کہ اگر وہ منتخب ہوجائے تو ’’سوپر ٹوئیزڈے ‘‘سے پہلے اپنا موقف مستحکم کرنے کی کوشش کرے گا اور یہ تمام ملازمتیں امریکہ واپس لائے گا ۔ 69سالہ ٹرمپ جائیداد کے شعبہ کی اہم شخصیت جو گذشتہ موسم گرما سے سیاست میں سرگرم ہوگیا ہے ‘ پورے ملک میں جلسوں میں ہزاروں افراد کی شرکت کو یقینی بنانے میں کامیاب ہوگیا ہے اور اسے اُمید ہے کہ ری پبلکن پارٹی کی پرائمری میں جو’’ سوپر ٹوئیزڈے ‘‘ کو 11ریاستوں میں منعقد ہوگی کامیاب ہوجائے گا ۔ سوپر ٹوئیزڈے پرائمری انتخابات کے دور کا ایک اہم دن سمجھا جاتا ہے جب کہ امریکہ کی سب سے زیادہ تعداد میں ریاستوں میں پرائمری انتخابات منعقد کئے جاتے ہیں ۔
تقریباً پانچ ہزار افراد سے خطاب کرتے ہوئے جو امریکی پرائمری انتخابات کا سب سے زیادہ تعداد کا ریکارڈ ہے اور ایک مقامی ایئرپورٹ کے ہینگر میںمنعقد کیا گیا تھا تیقن دیا کہ وہ ہندوستان ‘ چین ‘ جاپان اور میکسیکو سے ملازمتیں امریکہ واپس لائیں گے ۔ امریکہ ۔ مکسیکو کی سرحد پر ایک دیوار تعمیر کریں گے ۔ علاوہ ازیں دولت اسلامیہ کے ٹھکانوں کو تباہ کردیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ اوباما کے جانشین بن جائیں تو اپنے تیقن کی تکمیل کریں گے ۔ اُن کے ہر تیقن پر لوگوں نے امریکہ ‘ امریکہ اور ٹرمپ ‘ ٹرمپ کے نعرے لگاتے ہوئے ان کی ستائش کی ۔ اُن کے ہر لفظ پر تالیاں بجائی گئیں ۔ وہ ایک عارضی اسٹیج سے حاضرین سے خطاب کررہے تھے ۔ ٹرمپ قبل ازیں ہندوستان کو اُن ممالک کی فہرست میں شامل کرچکے ہیں جنہوں نے ان کے خیال میں امریکہ سے ملازمتوں کا سرقہ کرلیا ہے ۔ ٹرمپ چین ‘ جاپان اور مکسیکو سے ہمیشہ اور کبھی کبھی ویٹنام کو امریکہ کی ملازمتیں چوری کرنے کا ملزم قرار دیتے رہے ہیں ۔ ٹرمپ نے کہا کہ یہ تمام ممالک ہماری ملازمتیں چرا رہے ہیں ۔ جاپان اور ہندوستان نے ہمارے روزگار کے مواقع چھین لئے ہیں ‘ ایسا آئندہ نہیں ہونے دیا جائے گا ۔ ان کے اس اعلان پرحاضرین نے پُرجوش نعرے لگائے ۔ ٹینیسی میں تقریباً 25ہزار ہندوستانی نژاد امریکی شہری مقیم ہیں جن میں سے بیشتر نیش ویلے اور میمفس کے اطراف کے علاقوں میں سکونت اختیار کئے ہوئے ہیں ‘یہیں پر 20سال قبل ایک مندر بھی یہاں تعمیر کیا گیا ہے ۔ ان کے کٹر حامیوں میںسے ایک مارک نے جو اطلاعاتی ٹکنالوجی کے شعبہ میں ملازمت کرتے ہیں کہنا ہے کہ ہندوستانی نژاد امریکی شہریوں نے اس شعبہ کی ملازمتوں کا سرقہ نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے امریکی سماج میں مساوات اور تنوع پیدا کیاہے ۔ وہ ایک بیانر لہرا رہا تھا جس پر تحریر تھا کہ ٹرمپ کے حامی خاموش اکثریت میں ہیں ۔