ہندوستان میں تجارت پہلے سے کہیں زیادہ آسان، بیرونی سرمایہ کاروں کو دعوت

معاشی اصلاحات ، سخت فرسودہ قوانین برخاست، فوڈ پراسیسنگ شعبہ میں وسیع تر مواقع، وزیراعظم مودی کا خطاب
نئی دہلی 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج دعویٰ کیاکہ ہندوستان میں تجارت کرنا پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہوگیا ہے جس کے بعد یہ ملک 30 پائیدانوں کی چھلانگ لگاتے ہوئے اس ضمن میں دنیا کے سرکردہ ممالک میں پہونچ گیا ہے کیونکہ ضابطوں کو آسان بنایا گیا سخت اور فرسودہ قوانین منسوخ کردیئے گئے اور قواعد کی پابندیوں کو کم کیا گیا۔ حکومت کی طرف سے گزشتہ تین سال کے دوران کئے گئے اصلاحات نے بزنس کو آسان بنانے کے لئے عالمی بینک کی فہرست میں ہندوستان 30 پائیدانوں کے اوپر چھلانگ لگاتے ہوئے 100 سرکردہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا۔ وزیراعظم مودی نے ’ورلڈ فوڈ انڈیا 2017 کانفرنس‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’ہندوستان کے لئیہ یہ اب تک کی اعلیٰ ترین بہتری ہے اور اس سال کسی بھی ملک کی سب سے اونچی چھلانگ ہے۔ ہم 2014 ء میں 142 ویں مقام سے اب 100 سرکردہ کی فہرست میں پہونچ گئے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ گرین فیلڈ سرمایہ کاری کے معاملہ میں ہندوستان کو 2016 ء میں دنیا کے پہلے ملک کا مقام حاصل ہوا اور اس نے عالمی تجدید کاری و اختراعی اشاریہ، عالمی لاجسٹک اشاریہ اور عالمی مسابقت اشاریہ میں بھی تیز رفتار ترقی کی ہے۔ انھوں نے کہاکہ ’’ہندوستان میں کاروبار شروع کرنا اب پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہوگیا۔ مختلف اداروں سے کلیئرنس کا حصول آسان بنادیا گیا ہے۔ سخت و فرسودہ قوانین منسوخ کردیئے گئے اور شرائط کی پابندیوں کا بوجھ کم کردیا گیا ہے۔ مودی نے ہندوستان کو آج کی دنیا کی ایک تیز رفتار ترقی کرنے والی معیشت کی حیثیت سے پیش کیا اور کہاکہ یکم جولائی سے گڈس اینڈ سرویس ٹیکس کے نفاذ نے ہمہ اقسام کے ٹیکسوں کو ختم کردیا ہے۔ یہ بھی اتفاق ہے کہ عالمی بینک نے بزنس کو آسان بنانے کی رینکنگ میں جی ایس ٹی کے اثرات کو ملحوظ نہیں رکھا کیونکہ یہ جدید ٹیکس نظام جولائی میں نافذ ہوا اور عالمی بینک کی رپورٹ جون تک موصولہ تفصیلات کو اپنی رپورٹ میں شامل کرتی ہے۔ چنانچہ آئندہ سال کی رپورٹ میں اس کے انتخاب کا بھی حوالہ دیا جائے گا۔ مودی نے اس کانفرنس میں شرکت کرنے والے فوڈ پراسیسنگ شعبہ سے وابستہ سرکردہ عالمی اور ہندوستانی اداروں کے سی ای اوز کو ہندوستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے بھرپور تائید و مدد کا وعدہ کیا۔ انھوں نے کہاکہ ’’آیئے ۔ ہندوستان میں سرمایہ کاری کیجئے۔ یہ ایسا مقام ہے جہاں زرعی فارم سے لے کر صنعت اور بازار تک بھرپور مواقع ہیں۔ جہاں ہندوستان اور ساری دنیا کے لئے (زرعی) پیداواراس کی پروسیسنگ اور ترقی و فروغ کیلئے جگہ ہے‘‘۔ انھوں نے کہاکہ ’’آج ہماری طاقتور زرعی بنیاد ہمیں فعال و متحرک فوڈ پروسیسنگ شعبہ کے قیام کے لئے ایک مضبوط صنعت فراہم کرسکتی ہے۔ ہمارے صارفین کی وسیع بنیاد، بڑھتی ہوئی آمدنی، سرمایہ کاری کا سازگار ماحول اور تجارت و کاروبار کو آسان بنانے کے لئے عزم و عہد کی حامل حکومت یہ تمام عنصر عالمی فوڈ پراسیسنگ برادری کیلئے ہندوستان کو پسندیدہ مقام بتاتے ہیں۔