ہندوستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے موافق تجارت صورتحال:وزیراعظم

گڈس اینڈ سرویس ٹیکس بل کے آئندہ سال سے نافذالعمل ہونے کی توقع ، زیرالتواء تمام کاموں کی یکسوئی پر توجہ

بنگلور ۔ 6 اکٹوبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ہندوستان میں عالمی کسادبازاری کے دوران ’’روشن حالات ‘‘ پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے بیرونی سرمایہ کاروں کو تیقن دیا کہ ہندوستان میں سرمایہ کاری کیلئے موافق تجارت صورتحال پائی جاتی ہے اور انٹلکچول پراپرٹی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے  بشمول کئی ایک اقدامات کئے جائیں گے ۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو توقع ہے کہ آئندہ سال سے گڈس اینڈ سرویس ٹیکس بل کو بھی نافذالعمل کیا جائیگا۔ تجارت و صنعت کیلئے موافق حالات پیدا کرنے اپنی حکومت کے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہاکہ ہندوستان میں اس سے قبل ایسے اقدامات نہیں کئے گئے تھے ، اب بیرون ہند سے سرمایہ کے مواقع پیدا کرنے کیلئے ماہرانہ اور ٹکنالوجی کے اُمور میں کافی تیاری کی ہے ۔ ہم نے پارلیمنٹ میں گڈس اینڈ سرویس ٹیکس بل (GST) کو متعارف کرویا۔ ہم تو یقین ہے کہ یہ بل 2016 ء میں منظور ہوجائیگا۔ مودی نے یہاں ہند ۔ جرمن چوٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان کے اندر بیرونی سرمایہ کیلئے موثر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔

اس چوٹی کانفرنس میں جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل بھی شریک تھیں وہ ہندوستان کے تین روزہ دورہ پر آئی ہوئی ہیں۔ جی ایس ٹی بل کو راجیہ سبھا میں اپوزیشن کی اکثریت کے باعث رکاوٹیں ہیں۔ حکومت نے اس بل کی منظوری کیلئے بھرپور کوشش کی تھی اس کے باوجود بعض رکاوٹیں ہیں جن کو دور کرلیا جائے گا ۔ اس چوٹی کانفرنس میں ہندوستانی صنعتوں خاص کر آئی ٹی شعبہ سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیتوں اور نمائندوں نے شرکت کی ۔ مودی نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان نے انٹلکچول پراپرٹی حقوق کا تحفظ کرنے کا عہد کرلیا ہے ۔ تمام سرمایہ کاروں اور صنعتوں کے حقوق کا کامل تحفظ کیا جائے ۔ اس طرح کا وسیع تر اہم ترین ایجادات کا مقام کہیں نہیں ملے گا۔کسی بھی ملک میں اتنی مقدار کی پیداوار نہیں ہوتی جتنی ہندوستان میں ہوتی ہے ۔  ان کی حکومت تجارت کو فروغ دینے کے تمام اُمور کا جائزہ لے رہی ہے ۔ بہتر سے بہتر تجارتی مواقع پیدا کئے جارہے ہیں ۔ صنعتی لائیسنس کی مدت کو بھی بڑھایا جارہا ہے اور ریگولیٹری منظوری بھی فوری دی جارہی ہیں۔

جن سرمایہ کاروں کے معاملہ زیرالتواء ہیں ان کی فوری یکسوئی کی جارہی ہے ۔ حکومت نے صنعتوں کے لئے تیزی سے منظوریاں دے کر انفراسٹرکچر شعبہ میں بہتری لارہی ہے ۔ تجارت کے لئے موافق حالات پیدا کرنا ہی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ ہندوستان ایک درست سمت میں پیشقدمی کررہا ہے لیکن اس کے موثر نتائج برآمد نہیں ہورہے ہیں۔  عالمی سطح پر جس وقت کسادبازاری کا رجحان چل رہا تھا ہندوستان میں تجارت کو فروغ حاصل ہورہا تھا ۔ ہندوستان کے اندر معاشی اُمور کیلئے بہترین فضاء پائی جاتی ہے ۔ اس موقع پر مودی اور انجیلا مرکل کے درمیان تجارت کے معاہدوں کا بھی تبادلہ عمل میں آیا ۔ مرکل نے کہا کہ وہ اور مودی نومبر میں دوبارہ ملاقات کریں گے اور جی ۔ 20 چوٹی کانفرنس میں ہونے والی اس ملاقات میں کئی اُمور پر بات چیت ہوگی ۔ ہندوستان کو اعلیٰ سطحی مہارت کے کاموں کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے کہاکہ وہ اور مودی مل کر اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں اصلاحات کے لئے کام کررہے ہیں۔