واشنگٹن ۔ 27 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدارتی دوڑ میں ہلاری کلنٹن سیاسی حریف ڈونالڈ ٹرمپ سے کافی آگے ہیں ۔ دو نئے اوپنین پول میں ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار نے جارحانہ انتخابی مہم کے ذریعہ متنازعہ ریپبلکن لیڈر کو پیچھے کردیا ہے ۔ واشنگٹن پوسٹ ؍ اے بی سی نیوز سروے میں دکھایا گیا ہے کہ سابق سکریٹری آف اسٹیٹ 12پوائنٹس آگے ہیں اور اُنھیں 59 فیصد جبکہ ڈونالڈ کی 39 فیصد عوام نے تائید کی ۔ وال اسٹریٹ جرنل ؍ این بی سی نیوز میں ہلاری کلنٹن کو 5 پوائنٹس کی سبقت دکھائی گئی ہے ۔ انھوں نے جہاں 46 فیصد عوامی رائے حاصل کی وہیں 41 فیصد نے ڈونالڈ ٹرمپ کی تائید کی ہے ۔ 70 سالہ ڈونالڈ ٹرمپ اس وقت مشکل مرحلہ سے گذر رہے ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران انھیں کئی مرتبہ اپنا موقف تبدیل کرنا پڑا ۔ یہاں تک کہ انھوں نے انتخابی مہم کے منیجر کوری لیوانڈوسکی کو برطرف کردیا ۔ فنڈ اکٹھا کرنے کے معاملے میں بھی انھیں کافی مشکل پیش آئی اور ہندوستانی نژاد فیڈرل جج کے بارے میں تبصرے نے بھی ڈونالڈ کی مہم پر منفی اثر ڈالا ۔