ہر شخص کو ترقی کے فوائد پہنچانا حکومت کا مقصد

اقلیتوں سے دلفریب وعدوں کی بجائے اُنھیں بااختیار بنانے پر توجہ: نقوی
نئی دہلی 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بدعنوانی سے پاک اور ترقی سے مربوط حکومت کے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے مرکزی وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی نے آج کہاکہ سماج کے ہر شخص تک ترقی کے فوائد پہنچانا ہمارا مقصد ہے۔ اُنھوں نے سب کا ساتھ سب کا وکاس نعرے کو دوہرایا اور کہاکہ اقلیتوں سے مربوط تمام اسکیمات پر مؤثر عمل آوری اُن کی اولین ترجیح ہوگی۔ مختار عباس نقوی نے آج بحیثیت مرکزی وزیر اقلیتی اُمور اپنی ذمہ داری سنبھالی۔ اُنھوں نے کہاکہ موجودہ حکومت میں ترقی کا ماحول سازگار ہوا ہے اور گزشتہ تین سال سے مختلف اسکیمات پر عمل آوری کے نتیجے میں واضح تبدیلی نظر آرہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کے خلاف بعض افراد نے پروپگنڈہ مہم چھیڑ رکھی ہے لیکن اُنھیں کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ حکومت کی توجہ صرف ترقی پر مرکوز ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وزارت اقلیتی اُمور نے اقلیتوںسے دلفریب وعدوں کی بجائے اُنھیں بااختیار بنانے کا کام کیا ہے۔ نئی حج پالیسی کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر مختار عباس نقوی نے کہاکہ یہ پالیسی تیار کرلی گئی ہے اور اِس کا جائزہ لینے کے بعد متعارف کی جائے گی۔ سمندری راستے سے سفر حج کے بارے میں اُنھوں نے کہاکہ مرکزی وزیر نتن گڈکری سے اِس بارے میں بات چیت کی گئی تھی۔ حج اُمور کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے اور سعودی حکومت کے ساتھ مذاکرات کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔ مملکتی وزیر برائے اقلیتی اُمور ویریندر کمار نے اپنی ذمہ داری سنبھالتے ہوئے کہاکہ ان کی وزارت اسکل ڈیولپمنٹ پر توجہ مرکوز کرے گی اور باصلاحیت افراد کے لئے سازگار مارکٹ فراہم کی جائے گی۔