ہریش راؤ کے حق میں منفرد مہم

کامیابی تک مفت حجامت کرنے نائی برہمن سماج کا اعلان
حیدرآباد ۔ 26۔ستمبر (سیاست نیوز) سدی پیٹ میں ہریش راؤ کے حق میں نائی برہمن سماج کی جانب سے منفرد انداز میں مہم چلائی جارہی ہے۔ نائی برہمن سماج نے انتخابات کی تکمیل تک کسی معاوضہ کے بغیر حجامت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سدی پیٹ کی اہم شاہراہ پر ہریش راؤ کے فلیکسی کے ساتھ کئی حجام عوام کی ہیر کٹنگ اور شیونگ کرتے ہوئے دیکھے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کوئی معاوضہ نہیں لے رہے ہیں، اس کے عوض میں وہ اپیل کر رہے ہیں کہ ہریش راؤ کو ووٹ دیا جائے۔ نائی برہمن سماج کے نمائندے نے کہا کہ سدی پیٹ کا مطلب ترقی اور ترقی کا مطلب ہریش راؤ ہے۔ ہریش راؤ نے سدی پیٹ کے عوام کی خوشحالی کیلئے جو قدم اٹھائے ہیں، اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ہریش راؤ کی خدمات عوام پر قرض ہیں، جسے ووٹ کی شکل میں ادا کیا جاسکتا ہے۔ نائی برہمن سماج نے عہد کیا کہ ہریش راؤ کو ایک لاکھ سے زائد ووٹ کی اکثریت سے کامیاب کیا جائے گا ۔ ہریش راؤ کی کامیابی تک سدی پیٹ میں ضعیف افراد اور بچوں کی کٹنگ اور شیونگ مفت کی جائے گی۔ ہنومان نگر علاقہ میں یہ منفرد کام شروع کیا گیا ہے جو عوام کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ نائی برہمن سماج کا کہنا ہے کہ ہریش راؤ سدی پیٹ کے ہر شخص کے دل پر راج کر رہے ہیں اور ان کی خدمات کا ہر شخص معترف ہے۔