ہاپوڑ میں گؤ کشی کی افواہ پر قتل کا معاملہ : کلیدی ملزم کو محض ۲۰ ؍ دن میں ضمانت مل گئی

نئی دہلی : مغربی اتر پردیش کے ہاپوڑ میں گؤ کشی کے الزام میں پیٹ پیٹ کر ایک مسلم نوجوا ن محمد قاسم کو مارڈالنے کے کلیدی ملزم کو محض ۲۰؍ دن میں ہی ضمانت دے دی گئی ۔

ضلع ہاپوڑ کی سیشن جج رینو اگروال نے ایک لاکھ روپے کے مچلکہ پر کلیدی ملزم یدھشٹر ولد شیو دیال کی ضمانت دے دی ۔قابل ذکر ہے کہ اس معاملہ میں پولیس کی گرفتاریاں اب چل رہی ہیں ۔دوسری جانب مقتول قاسم کے اہل خانہ کے اپناوکیل تک کھڑا کرنے کا موقع نہیں مل پایا ہے ۔

سرکاری وکیل نے ان کو کس طرح پیش کیا اس کی معلومات بھی قاسم کے خاندان والوں کی نہیں ہے ۔پولیس کی جانب سے قاسم کے اہل خا نہ کو یہ بھی نہیں معلوم کہ ملزم فریق نے عدالت میں ضمانت عرضی داخل کردی ہے ۔قاسم قتل کے کلید ی ملزم یدھشٹر کو ۶؍ جولائی کو ضمانت ملی ہے ۔

واضح رہے کہ ۱۹ ؍جون کو ہاپوڑ گاؤں میں گؤکشی کی افواہ پر قاسم کو پیٹ پیٹ کر ماردیا گیا ۔جب گؤ رکشک قاسم کو پیٹ پیٹ کے ہلاک کررہے تھے تب اس کی چیخ سن کر اسے بچانے آئے ایک بزرگ کسان سمیع الدین کو بھی بری طرح پیٹا گیا ۔اور اب وہ دواخانہ میں زیر علاج ہے ۔عدالت کے اس فیصلہ سے مقتول قاسم کے گھر میں پھر ایک بار ماتم کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔