گھروں میں نماز پڑھنے پر زور ، نمازیوں کا صبر و تحمل کا مظاہرہ ، الکا لامبا کا اظہار ستائش
نئی دہلی۔ 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دہلی سے ملحق گڑگاؤں کے نیگڑھ گاؤں میں ہندوؤں نے نماز کیلئے موجود مسلمانوں کے آگے کھڑے ہوکر ہندو نعرے لگائے اور گھروں میں جاکر نماز پڑھنے کی بات کہی۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ اس میں صاف نظر آرہا ہے کہ 8 شر پسند سینکڑوں نمازوں کے سامنے شرانگیز نعرے لگارہے ہیں تاہم نمازیوں نے اس کے خلاف کوئی احتجاج نہیں کیا اور ان کی باتوں اور نعروں کا کوئی جواب نہ دیتے ہوئے صبر اور خاموشی اختیار کی اور حالات بگڑنے سے بچالئے۔ عام آدمی پارٹی لیڈر الکا لامبا نے اس ویڈیو کو ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹر کے اکاؤنٹ پر تحریر کیا کہ میں سلام کرتی ہوں، اپنے سبھی مسلم بھائیوں کو جو چند سماج دشمن اور شرپسند عناصر کے اُکسانے پر بھی مشتعل نہیں ہوئے۔ اپنے صبر و استقامت سے شرپسندوں کے عزائم کو ناکام کردیا۔