بہترین انتظامات کرنے کی کوشش کامیاب
حیدرآباد۔14ستمبر(سیاست نیوز) شہر کی صفائی اور عیدالاضحی کے موقع پر پھینکے گئے کچہرے کی نکاسی میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے جو سرعت کا مظاہرہ کیا ہے اس سے شہر میں گندگی نظر نہیں آرہی ہے بلکہ دونوں شہروں کے مختلف علاقوں سے پلاسٹک بیاگس کے ذریعہ کچہرے کی وصولی اور کچہرے کی نکاسی کے لئے مستعد عملہ کی تعیناتی سے ایسا محسوس ہو رہا تھا بلدیہ کی جانب سے کہیں بھی کچہرا اور جانوروں کے باقیات کو نہ چھوڑنے کا تہیہ کر لیا گیا تھا۔ عہدیداروں کے بموجب دونوں شہروں میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے دو یوم کے دوران کچہرا کنڈیوں سے زائد از 10ٹن کچہرے کی نکاسی عمل میں لائی عیدالاضحی کے دن یعنی 13ستمبر کو بلدی عملہ نے 5.69ٹن کچہرے کی نکاسی کو یقینی بنایا۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے دونوں شہروں میں عیدالاضحی کے موقع پر شدید بارش کے دوران بھی کچہرے کی نکاسی کو یقینی بنانے والے صفائی عملہ کی سراہنا کرتے ہوئے شہریوں سے اظہار تشکر کیا اور جانور کی باقیات اور کچہرے کی نکاسی کیلئے پلاسٹک بیاگس کا استعمال کرنے پر ان کی ستائش کی۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے عیدالاضحی کے موقع پر صاف صفائی کو یقینی بنانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے طورپر بلدیہ نے نہ صرف پلاسٹک بیاگس کی تقسیم کو یقینی بنایا تھا بلکہ دونوں شہروں میں با لخصوص پرانے شہر کی مسلم غالب آبادیوں میں اضافی ٹرکس ‘ جے سی بی اور صفائی عملہ کی تعیناتی عمل میں لائی تھی جس کے سبب عید کے دن ہی بروقت صفائی کو یقینی بنایا جاسکا۔ ماضی میں عیدالاضحی کے موقع پر کچہرے اور جانوروں کی باقیات کچہرے میں ڈال دیئے جانے کے سبب سڑکوں اور گلی محلوں میں بدبو و تعفن پھیلا کرتا تھا لیکن اس مرتبہ کئے گئے انتظامات سے ایسا نہیں ہوا بلکہ بلدیہ پر ’’کھایا پیا چل دیا‘‘ جیسے جملے کسنے والوں نے بھی عیدالاضحی کے موقع پر کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور شدید بارش کے دوران بھی صفائی کا عمل جاری رکھنے پر عملہ اور عہدیداروں کی سراہنا کی۔
شہر کے کئی محلہ جات میں جہاں عام طور پر عید کے دن جانوروں کی باقیات سڑکوں پر یا کچہرے کی کنڈی پر پھینکی جاتی تھی ان مقامات پر جے سی بی‘ کچہرے کی نکاسی کی گاڑیوں اور صفائی عملہ کو متعین کیا گیا تھا۔ املی بن میں واقع ڈمپنگ یارڈ پر عید کے دوسرے دن بھی بقر عید اسپیشل کچہرے کی نکاسی کی گاڑیوں کی قطار لگی رہی جو کہ مختلف علاقوں سے کچہرا اٹھاتے ہوئے اسے بلدیہ کے ڈمپنگ یارڈ منتقل کر رہی تھیں۔