میدک، سدی پیٹ اور سرسلہ کا احاطہ، ریلوے اوور برج کا وزیر آبپاشی کے ہاتھوں سنگ بنیاد
حیدرآباد۔ 29 اگست (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش رائو نے کہا کہ محبوب آباد تا کوتہ پلی ریلوے لائین کے پہلے مرحلہ کا کام ڈسمبر تک مکمل ہوجائے گا اور جنوری تک گجویل کو ریلوے رابطہ سے جوڑ دیا جائے گا۔ ہریش رائو نے آج توپران میں مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش رائو نے کہا کہ منوہرآباد تا کوتہ پلی ریلوے لائین میدک، سدی پیٹ، سرسلہ اور کریم نگر اضلاع کے لیے ایک اہم ریلوے لائین ہوگی۔ مذہبی مقام ویملواڑہ سے سرسلہ ٹیکسٹائل پارک اور سدی پیٹ ضلع ہیڈکوارٹر تا توپران یہ ریلوے لائین احاطہ کرے گی۔ گجویل۔سدی پیٹ۔ توپران میں مستقبل میں صنعتی ترقی کے بہتر مواقع ہیں۔ انہوں نے آج منوہرآباد کوتہ پلی ریلوے اوور برج کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ ریلوے لائین کا کام پہلے مرحلہ میں 30 کیلومیٹر تک مکمل کیا جائے گا۔ ڈسمبر تک کاموں کی تکمیل کے ذریعہ جنوری میں ریل چلانے کا منصوبہ ہے۔ دوسرے مرحلہ میں گجویل سے سدی پیٹ تک اور تیسرے مرحلہ میں سدی پیٹ سے سرسلہ کریم نگر تک کاموں کی تکمیل کی جائے گی۔ ہریش رائو نے کہا کہ 2006ء میں کانگریس دور حکومت میں 600 کروڑ سے کاموں کا آغاز کیا گیا تھا اور کانگریس حکومت اس کام پر کوئی توجہ نہیں دی۔ ضلع کی وزیر گیتا ریڈی اور اس وقت کے چیف منسٹر کے روشیا اور کرن کمار ریڈی نے ریلوے لائین کے کاموں کو نظرانداز کیا۔ کانگریس حکمرانوں کی عدم دلچسپی کے باعث ریلوے لائین کا کام 600 کروڑ سے بڑھ کر 1160 کروڑ تک پہنچ چکا ہے۔ ہریش رائو نے 25 کروڑ کی لاگت سے مکانات کی تعمیر اور 5 کروڑ روپئے سے سی سی روڈ اور ڈرینیج کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر آبپاشی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھررائو کی قیادت میں ریاست تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ترقیاتی اور فلاحی کاموں سے خوش ہیں اور چیف منسٹر کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی مساعی سے 12ہزار کروڑ سے ریجنل رنگ روڈس کی منظوری حاصل کی گئی ہے۔ سنگاریڈی، نرساپور، توپران اور گجویل علاقوں میں رنگ روڈ کو توسیع دی جائے گی۔ توپران کو چیف منسٹر نے 3 مارکٹس کی منظوری دی ہے۔ منوہرآباد کو ڈبل روڈ اور ڈرینیج کی کاموں کی منظوری حاصل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ غریب خاندانوں کی لڑکیوں کی شادی کے لیے کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیم کا آغاز کیا گیا۔ ہریش رائو نے الزام عائد کیا کہ کانگریس دور حکومت میں سوائے زبانی اعلانات کے ترقی کے سلسلہ میں کوئی عملی اقدامات نہیں کیے گئے۔ کانگریس دور حکومت میں اندراماں ہائوزنگ اسکیم میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں کی گئیں۔ تقریب میں رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی اور کلکٹر دھرما ریڈی نے شرکت کی۔