دو طبقات کی طرف سے 45 ایف آئی آر درج ، صورتحال پرامن ، پولیس کا بیان
احمد آباد ۔ /26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گجرات میں ضلع پٹن کے فرقہ وارانہ فسادات سے متاثرہ موضع وڈاولی میں سکیورٹی کو مزید سخت بنادیا گیا ہے جہاں گزشتہ روز دو طبقات کے افراد کے درمیان تصادم میں ایک شخص ہلاک اور دیگر چند زخمی ہوگئے تھے ۔ ان دونوں طبقات کے ارکان 45 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کروائے ہیں ۔ پولیس نے کہا ہے کہ احمد آباد سے 100 کیلو میٹر دور وڈاولی گاؤں میں جاری تلاشی مہم میں شدت پیدا کردی گئی ہے اور اب صورتحال پرامن ہے ۔ پٹن کے پولیس سپرنٹنڈنٹ اے جی چوہان نے پی ٹی آئی سے کہا کہ مزید جھڑپوں کے اندیشے ختم کرنے کیلئے سخت ترین سکیورٹی کی گئی ہے ۔ چوہان نے مزید کہا کہ اس گاؤں میں اضلاع پٹن اور بناس کانتھا کے 150 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں اسٹیٹ ریزرو پولیس کی دو کمپنیاں اور سینئر پولیس عہدیدار بھی انتظامات میں مصروف ہیں اور اب صورتحال پرامن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 31 افراد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ اس گاؤں میں گزشتہ روز مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے دو طلبہ کے درمیان معمولی جھڑپ کے بعد تشدد پھوٹ پڑا تھا جس میں ایک شخص ہلاک اور دیگر چھ زخمی ہوگئے تھے ۔ تصادم کے دوران دونوں طبقات کے ارکان نے لاٹھیوں ، آہنی سلاخوں اور دیگر اسلحہ سے ایک دوسرے پر حملہ کیا تھا ۔ چند گھروں اور گاڑیوں کو آگ لگانے والے ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے آنسو گیس چھوڑنے کے علاوہ سات راؤنڈ ہوائی فائرنگ کی تھی ۔ پولیس نے کہا کہ زخمیوں کو دواخانوں میں شریک کردیا گیا ہے ۔