کنہیا کمار کی انتخابی مہم میں شریک جگنیش پر گری راج سنگھ کا الزام، ہتک عزت مقدمہ دائر کرنے جگنیش کا اعلان
پٹنہ۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے آج رکن اسمبلی گجرات جگنیش میوانی جو جے این یو اسٹوڈنٹس لیڈر کنہیا کمار کی انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں، پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جگنیش یہاں کیا کررہے ہیں جو گجرات میں مخالف مہاجر تشدد کو بڑھاوا دینے کے ذمہ دار ہیں۔ گری راج کے اس الزام پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جگنیش میوانی نے کہا کہ وہ مرکزی وزیر کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کریں گے۔ جگنیش نے کہا کہ الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق گجرات میں جس وقت بہار، یوپی اور دیگر ہندی ریاستوں کے باشندوں کے خلاف تشدد کیا جارہا تھا، اس وقت بھی ریاست اور مرکز میں بی جے پی کی حکمرانی تھی اور ہے جس نے اس انتہائی گھناؤنی حرکتوں پر مکمل طور پر خاموشی اختیار کر رکھی تھی۔ گری راج سنگھ جو جمعہ کے روز اپنے حلقہ پارلیمان بیگو سرائے پہونچے تھے، آج ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ جگنیش میوانی بیگو سرائے میں کیا کررہے ہیں جو گجرات میں بہار ، یو پی جیسی ریاستوں کے باشندوں پر حملہ کرنے میں ملوث ہیں۔ اس پرتشدد واقعات کے بعد مذکورہ ریاستوں کے باشندے گجرات سے فرار ہونے پر مجبور ہوگئے تھے۔ اس واقعہ کو بڑھاوا دینے میں جگنیش میوانی ملوث تھے جس کی وجہ سے ہماری ماؤں بہنوں کو بے شمار تکالیف اور توہین برداشت کرنی پڑی۔ گری راج سنگھ کے اس بیان کے بعد جگنیش میوانی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ گری راج سنگھ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کرانے جارہا ہوں۔ وہ مجھے کسی بھی طور اس واقعہ کیلئے ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتے چونکہ ان کی پارٹی ہی گجرات میں برسراقتدار تھی اور وہی ان گھناؤنے واقعات کیلئے ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ان الزامات کے برعکس ممکنہ حد تک ہندی باشندوں کی مدد کرنے کی کوشش کی اور میں نے کھلے عام اس واقعہ کی شدید مذمت کی تھی جس میں وجئے روپانی حکومت مکمل طور پر ذمہ دار تھی۔ جبکہ دوسری طرف مرکز میں برسراقتدار نریندر مودی کی حکومت بھی پوری طرح خاموش رہی۔