گاندھی جی کا عدم تشدد کا اصول آج بھی کارگر :گوتیرس

بین الاقوامی یوم عدم تشدد و گاندھی جینتی کے موقع پر اقوام متحدہ سکریٹری جنرل کا گاندھی جی کو خراج ۔ دہشت گردی کی مذمت

نئی دہلی ۔2 اکتوبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوتیرس نے آج گاندھی جی کو یہاں اُن کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کیا اور اُنھیں عظیم شخصیت اور ہماری پریشان حال دنیا میں انسانیت کے لئے رہنما قرار دیتے ہوئے تعریف و ستائش کی۔ گوتیرس نے بعد میں پی ٹی آئی کے ساتھ بات چیت میں دہشت گردی کو ناسور قرار دیتے ہوئے اُس کی مذمت کی جس سے دنیا متاثر ہورہی ہے اور گاندھی جی کے بتائے گئے عدم تشدد کے حصول کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ انھوں نے کہا کہ اُنھیں عالمی تاریخ کے اس عظیم شخصیت کو خراج پیش کرتے ہوئے بڑا فخر محسوس ہورہا ہے ۔ آج (2 اکتوبر) بین الاقوامی یوم عدم تشدد بھی ہے اور جیسا کہ ہم امن کو آگے بڑھانے کیلئے ہماری کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں ہمارے مقاصد کی تکمیل عدم تشدد کے ذریعہ ہی ہوسکتی ہے ۔ گوتیرس ہندوستان کے دورے پر ہیں جو یو این سکریٹری جنرل کی حیثیت سے اُن کا پہلا دورہ ہے ۔ انھوں نے راج گھاٹ پر بابائے قوم کی سمادھی پر گلہائے عقیدت بھی پیش کئے ۔ انھوں نے کتاب الرائے میں تحریر کیا کہ میں اس عظیم شخصیت کو خراج پیش کرتا ہوں جو عالمی تاریخ میں بہت نمایاں مقام رکھتی ہے اور جو پریشانیوں بھری ہماری دنیا میں ہمارے لئے رہنما کی حیثیت بھی رکھتی ہے۔ یو این جنرل اسمبلی کی قرارداد مورخہ 15 جون 2007 ء کے مطابق بین الاقوامی یوم عدد تشدد 2 اکتوبر کو منانے کا فیصلہ کیا گیا جو گاندھی جی کو زبردست خراج ہے ۔ اس موقع پر عدم تشدد کے پیام کو عام کیا جاتا ہے جس میں تعلیم اور عوامی بیداری کے ذریعہ کام کیا جاتا ہے ۔ یہ قرارداد اس بات پر زور دیتی ہے کہ عدم تشدد کا اصول آفاقی مطابقت رکھتا ہے اور امن ، رواداری ، مفاہمت اور عدم تشدد کے کلچر کو مضبوط بنانے کی کوشش کرتا ہے ۔ گوتیرس نے کہاکہ گاندھی جی نے ثابت کیا کہ عدم تشدد تاریخ کو بدل سکتا ہے۔ ہمیں اُن کی جرأت اور اُن کے عزم مصمم سے سبق سیکھنا چاہئے جبکہ ہم بھی امن کو قائم کرنے اور پائیدار ترقی نیز دنیا بھر کے تمام عوام کے لئے انسانی حقوق کو یقینی بنانے کی سمت کام کررہے ہیں۔ نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے گزشتہ روز کہا تھا کہ دنیا کو دہشت گردی کے خلاف لڑائی کیلئے یکجا ہوجانا چاہئے اور اقوام متحدہ سے اپیل کی تھی کہ اس ضمن میں کوئی طاقتور اور ٹھوس اقدامات کئے جائیں تاکہ دہشت گردی ، اُس کے سرپرستوں اور اُس کی تائید و حمایت کرنے والوں کی سرکوبی کی جاسکے ۔ گوتیرس نے اپنا دورہ شروع کرنے سے قبل کہا تھا کہ ہندوستان اقوام متحدہ کا دہشت گردی سے لڑائی میں اور پرتشدد انتہاپسندی کے تدارک میں اہم پارٹنر ہے ۔ اُنھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اقوام متحدہ اور ہندوستان کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے منصوبے ہیں تاکہ دہشت گردی کیلئے فینانس کی فراہمی کو روکنے کیلئے ضروری حکمت عملی اختیار کی جاسکے ۔ یہاں یو این انڈیا آفس سے وابستہ سینئر عہدیدار نے کہا کہ گوتیرس ہندوستان کے دورہ میں مختصر وفد کی قیادت کررہے ہیں اور وہ چہارشنبہ کو یہاں سے روانہ ہوجائیں گے ۔

مہاتما گاندھی پر سات دائرہ نما ڈاک ٹکٹ جاری کئے گئے
نئی دہلی۔2 اکتوبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) بابائے قوم مہاتما گاندھی کے 150 ویں یوم پیدائش کے موقع پر آج محکمہ ڈاک نے اُن پر سات دائرہ نما ڈاک ٹکٹ جاری کئے۔وزیراعظم نریندر مودی نے راشٹرپتی بھون میں ’’گاندھی ایکٹ 150‘‘کے آغاز کیلئے منعقد تقریب میں یہ ڈاک ٹکٹ جاری کئے ۔ آزادی کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب دائرہ نما ڈاک ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں۔ ان میں 5، 12، 20، 22 اور 41 روپئے کا ایک ایک اور 25 روپئے کے دو ڈاک ٹکٹ شامل ہیں۔ساتوں ڈاک ٹکٹوں کو ایک شیٹ پر سجایا گیا ہے اور یہ شیٹ ملک اور بیرونی ممالک میں بھی دستیاب ہوگی۔
پروگرام میں مواصلات وزیر منوج سنہا بھی موجود تھے ۔