تلنگانہ کے وزیر صنعت کو ایک اور اعزاز، ریاست میں سرمایہ کاری کیلئے سعی کا عہد
حیدرآباد۔/27ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر صنعت کے ٹی آر کو ایک اور منفرد اعزاز حاصل ہوا ہے۔ انہیں آئندہ ماہ ڈاوس میں منعقد ہونے والی ورلڈ اکنامک فورم کی سالانہ کانفرنس میں مدعو کیا گیا ہے جبکہ ایسے عالمی کانفرنس میں صرف مرکزی وزراء ، چیف منسٹرس اور پارٹیوں کے سربراہوں کو مدعو کیا جاتا ہے۔ کے ٹی آر پہلے ریاستی وزیر ہیں جنہیں کانفرنس میں مدعو کیا گیا ہے۔ آئندہ ماہ17 اور 18جنوری کو سوئزر لینڈ کے شہر ڈاوس میں ورلڈ اکنامک کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جس میں ساری دنیا سے 2500 صنعت کار ، سیاسی قائدین، ماہرین معاشیات شرکت کریں گے۔ ریاست تلنگانہ ’’ ایزآف ڈوئنگ بزنس ‘‘ میں سرفہرست مقام حاصل کرنے اور حیدرآباد میں ورلڈ انٹر پرینر سمٹ کے کامیابی انعقاد پر ورلڈ اکنامک فورم نے وزیر صنعت تلنگانہ کے ٹی آر کو اس کانفرنس میں مدعو کیا ہے۔ اس دو روزہ کانفرنس میں کے ٹی آر دنیا کے مختلف ممالک سے شرکت کرنے والی کمپنیوں کے چیف ایگزیکیٹوآفیسرس، صدورنشین سے ملاقات کریں گے اور انہیں تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیں گے۔ ورلڈ اکنامک فورم کی جانب سے دعوت وصول ہونے پر ریاستی وزیر کے ٹی آر نے مسرت کا اظہار کیا اور کہاکہ وہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ تلنگانہ کی صنعتی پالیسی بالخصوص صنعتوں کے قیام کیلئے پائے جانے والے خوشگوار ماحول سے ساری دنیا کو واقف کراتے ہوئے حیدرآباد کے بشمول تلنگانہ کے دوسرے اضلاع میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دیں گے۔ وزیر صنعت نے کہا کہ اس کانفرنس میں انہیں تلنگانہ کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل ہونے پر فخر محسوس ہورہا ہے۔ ورلڈ اکنامک کانفرنس میں کے ٹی ار کے علاوہ دہلی میں موجود تلنگانہ حکومت کے ریزیڈنٹ کمشنر اروند کمار، محکمہ صنعت کے پرنسپل سکریٹری جیش رنجن بھی شرکت کریں گے۔ماضی میں چین میں منعقد ہ ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں چیف منسٹر کے سی آر نے شرکت کی تھی۔