کئی ممالک کے وفاقی وزرا کے ساتھ مباحثہ میں تلنگانہ کی نمائندگی
حیدرآباد 26 جنوری ( سیاست نیوز ) ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی راما راؤ کو آج ڈاؤس میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں منفرد اعزاز حاصل ہوا جب انہیں ایک پیانل مباحثہ میں تلنگانہ کی نمائندگی کا موقع دیا گیا ۔ عالمی معاشی فورم میں جو پیانل مباحث ہوتے ہیں ان میں اکثر مختلف ممالک کے مرکزی وزرا شرکت کرتے ہیں۔ آج جو مباحثہ ہوا اس میں تمام شرکا مختلف ممالک کی وفاقی حکومتوں کے نمائندے تھے جبکہ کے ٹی راما راؤ واحد وزیر تھے جنہوں نے ہندوستان کی ایک ریاست کی نمائندگی کی ۔ مباحثہ میں حصہ لیتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے ریاستی حکومت کی جانب سے ڈیجیٹل تلنگانہ کو یقینی بنانے کیلئے کئے جارہے اقدامات کا تذکرہ کیا ۔ انہں نے ٹی فائبر پراجیکٹ کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ اس کے ذریعہ آپٹک فائبر کیبل کے ذریعہ ہر گھر کو براڈ بیانڈ سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے شہریوں کیلئے مختلف ڈیجیٹل خدمات اور اس سلسلہ میں ریاستی حکومت کی پہل کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ ڈیجیٹل خواندگی کو یقینی بنانے اور خاص طور پر ریاست میں ڈیجیٹل معاملتوں کو یقینی بنانے ترجیح دی جا رہی ہے ۔ اس مباحثہ میں کے ٹی آر کے ساتھ بلجیم کے نائب وزیر اعظم کرس پیٹرس ‘ ڈنمارک کے وزیر صنعت برائین مکلسن ‘ نائیجیریا کے وزیر صنعت اوکیچوکو انیلماہ ‘ پرتمال کے وزیر معاشیات مینویل کبرال ‘ پاکستان کی وز۔یر آئی ٹی انوشا رحمن خان ‘ بنگلہ دیش کے وزیر آئی ٹی جنید احمد پلک ‘ انڈونیشیا کے وزیر آئی ٹی روڈیانتارا اور دوسرے شریک تھے ۔ بعد ازاں کے ٹی آر نے مختلف ممالک کے سیاسی اور کاروباری قائدین سے ملاقاتیں بھی کیں۔