نظام آباد، نلگنڈہ اور ونپرتی میں جلسوں سے خطاب
حیدرآباد 25 ستمبر (سیاست نیوز) حکمراں ٹی آر ایس نے ریاست تلنگانہ میں 3 اکٹوبر سے بظاہر انتخابی مہم کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں پارٹی صدر اور نگرانکار چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ 3 اکٹوبر کو نظام آباد میں جلسہ عام منعقد ہوگا۔ 4 اکٹوبر کو نلگنڈہ میں اور 5 اکٹوبر کو ونپرتی (محبوب نگر) میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ ورنگل اور کھمم میں علی الترتیب 7 اور 8 اکٹوبر کو جلسہ عام کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ریاستی اسمبلی کی تحلیل کے بعد 7 ستمبر کو ضلع سدی پیٹ کے حسن آباد میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے پارٹی امیدواروں، قائدین اور کیڈرس سے کہا تھا کہ وہ انتخابی مہم کا آغاز کریں۔ انھوں نے اسمبلی تحلیل کرنے کے اعلان کے دن ہی 105 اسمبلی حلقوں کے لئے پارٹی امیدواروں کی فہرست بھی جاری کی تھی۔ چیف منسٹر کی ہدایت کے ساتھ ہی تمام وزراء اور سابق ارکان اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں میں مہم کا آغاز کردیا تھا۔