پولاورم سے دورہ کا آغاز، ریٹائرڈ انجینئرس کی ٹیم سے پراجکٹ کی پیشرفت پر رپورٹ طلب
حیدرآباد۔/30ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ یکم اور 2 جنوری کو اہم آبپاشی پراجکٹس کا بذات خود معائنہ کرتے ہوئے تعمیری کاموں کا جائزہ لیں گے۔ اس سے قبل ریٹائرڈ چیف انجینئر شام پرساد ریڈی کی قیادت میں ریٹائرڈ انجینئرس کی ایک ٹیم مختلف پراجکٹس کا دورہ کرتے ہوئے چیف منسٹر کو رپورٹ پیش کرے گی۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ پروگرام کے مطابق 31 ڈسمبر کو ریٹائرڈ چیف انجینئر شام پرساد ریڈی کی قیادت میں ایک ٹیم میڈی گٹہ، سنڈیلہ، انارم بیاریجس کے پمپ ہاوزس کا معائنہ کریں گے جو کالیشورم پراجکٹ کے تحت آتے ہیں۔ اسی روز شام کو ریٹائرڈ انجینئرس کی ایک ٹیم چیف منسٹر کو آبپاشی پراجکٹس کی پیش رفت سے واقف کرائے گی۔ یکم جنوری کو ریٹائرڈ انجینئرس پالمور۔ رنگاریڈی اور ڈنڈی آبپاشی پراجکٹس کا معائنہ کریں گے۔ وہ کاموں کی پیشرفت کا مقامی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیں گے۔ 2 جنوری کو ریٹائرڈ انجینئرس کی ٹیم سیتا راما پراجکٹ اور اطراف واکناف کے علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے حیدرآباد واپس ہوگی۔ یکم جنوری کو چیف منسٹر راج بھون میں تلنگانہ کے نئے چیف جسٹس اور دیگر ججس کی حلف برداری تقریب میں شرکت کریں گے۔ چیف منسٹر تقریب کے بعد بیگم پیٹ ایرپورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ کالیشورم پراجکٹ کیلئے روانہ ہوں گے ۔ چیف منسٹر کالیشورم پراجکٹ کے تحت میڈی گٹہ، سنڈیلہ اور انارم بیاریجس کے پمپ ہاوزس کی تکمیل کا جائزہ لیں گے۔ اسی دن چیف منسٹر کریم نگر پہنچیں گے جہاں وہ رات میں قیام کریں گے۔2 جنوری کی صبح چیف منسٹر سری رام ساگر پراجکٹ کا معائنہ کریں گے جو کالیشورم پراجکٹ کے تحت تعمیر کیا جارہا ہے۔ وہ پراجکٹ کے علاوہ اطراف و اکناف کے علاقوں میں جاری کاموں کا جائزہ لیں گے۔ چیف منسٹر راجیشورراؤ پیٹ، رام پور میں پمپ ہاوز کا معائنہ کرنے کے بعد حیدرآباد واپس ہوں گے۔ کالیشورم، پالمور۔ رنگاریڈی، ڈنڈی اور سیتا رام پراجکٹس کا دورہ کرنے والے ریٹائرڈ انجینئرس کی ٹیم 2جنوری کی شام حیدرآباد واپس ہوگی اور چیف منسٹر کے سی آر کو رپورٹ پیش کرے گی۔ چیف منسٹر 3 یا 4 جنوری کو جاریہ آبپاشی پراجکٹس کے تعمیری کاموں پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کریں گے۔ چیف منسٹر دوسرے مرحلہ میں مزید آبپاشی پراجکٹس کا دورہ کرتے ہوئے تعمیری کاموں کا جائزہ لینا چاہتے ہیں جن میں میڈ مانیر تا کونڈہ پوچما ساگر شامل ہیں جو کالیشورم کے تحت آتا ہے۔ اس کے علاوہ پالمور، ڈنڈی اور سیتا رام پراجکٹس کا بھی وہ معائنہ کریں گے۔ دوسرے مرحلہ کے دورہ کی تاریخ کو بعد میں قطعیت دی جائے گی۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر آبپاشی پراجکٹس کو مقررہ مدت میں تکمیل کے خواہاں ہیں اور انہوں نے دوسری مرتبہ چیف منسٹر کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد آبپاشی پراجکٹس کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا ہے۔ پراجکٹس کے معائنہ کے موقع پر اعلیٰ عہدیدار چیف منسٹر کے ہمراہ رہیں گے تاہم دیکھنا یہ ہے کہ آیا سابق وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ کو دورہ میں شامل کیا جاتا ہے یا نہیں۔