شمالی تلنگانہ میں 30لاکھ ایکڑ اراضی کو سیراب کرنے کا منصوبہ ‘ 13,811کروڑ روپئے کی اجرائی ‘ چیف منسٹر کا خطاب
کریم نگر ۔ 2مئی ( پی ٹی آئی) تلنگانہ کے چیف منسٹر کلواکنٹلہ چندر شیکھر راؤ نے ضلع کریم نگر میں کالیشورم آبپاشی پراجکٹ کو تعمیر کیلئے آج سنگ بنیاد رکھا جس کے بعد عوام کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پراجکٹ تین سال میں مکمل ہوجائے گا جس کے ذریعہ دریائے گوداوری سے 300ٹی ایم سی پانی چھوڑا جائے گا ۔ کے سی آر نے کہا کہ ’’ یہ پراجکٹ شمالی تلنگانہ میں آبپاشی کیلئے درکار پانی فراہم کرے گا جس کی تعمیر کیلئے پہلے ہی 13,811 کروڑ روپئے جاری کئے جاچکے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پراجکٹ جس کی اندرون تین سال تکمیل متوقع ہے ‘ کریم نگر ‘ عادل آباد ‘نظام آباد ‘میدک اور ورنگل میں 30لاکھ ایکڑ اراضی کو سیراب کرے گا ۔ کے سی آر نے کہا کہ ’’ حکومت مہاراشٹرا ‘ اس پراجکٹ کیلئے تعاون کررہی ہے اور بہت جلد ان ( مہاراشٹرا) کے ساتھ ایک سمجھوتہ پر دستخط کی جائے گی ‘‘ ۔ قبل ازیں چیف منسٹر نے کنے پلی گاؤں میں پمپ ہاؤز کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا ۔ اس موقع پر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر مدھو سدن چاری ‘ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری ‘ وزیر آبپاشی تنور ہریش راؤ ‘ دیگر وزراء ‘ارکان پارلیمنٹ ‘ ارکان اسمبلی و دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں ۔ این ایس ایس کے مطابق چیف منسٹر نے کہا کہ لفٹ اسکیم کے تحت ایلم پلی کو اندرون دو سال پانی حاصل ہوجائے گا ۔ بعدازاں میدک اور حیدرآباد کو پینے کیلئے مزید پانی فراہم کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹوں پر اپوزیشن کی تنقیدوں کو مسترد کردیا اور کہا کہ وہ ( اپوزیشن) غیر ضروری تنقیدیں کرنے کے بجائے ان اہم پراجکٹوں کی تکمیل میں تعاون کریں ۔