ایک لاکھ کی اکثریت سے کامیاب بنانے وزیر آبپاشی کی اپیل ، قرارداد کی منظوری
حیدرآباد ۔ 24۔ستمبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے کارگزار چیف منسٹر کے سی آر کے انتخابی حلقہ گجویل کا دورہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ ورگل منڈل کے گنٹی پلی گاؤں میں ہریش راؤ نے دورہ کیا اور عوام سے ملاقات کی ۔ ہریش راؤ کا رائے دہندوں کی جانب سے والہانہ استقبال کیا گیا۔ جگہ جگہ ریالیوں اور جلسوں کے علاوہ مقامی اپوزیشن قائدین نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ ایسے وقت جبکہ پارٹی میں ہریش راؤ کو نظرانداز کرنے کی شکایات عام ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر کے حق میں انتخابی مہم چلاکر یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ پارٹی میں سب کچھ ٹھیک ٹھاک ہے۔ وزیر آبپاشی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایک لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے چیف منسٹر کو کامیاب بنائیں۔ ہریش راؤ کی موجودگی میں مقامی عوام نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کرتے ہوئے کے سی آر کے حق میں ووٹ دینے کا عہد کیا ۔ جس طرح سدی پیٹ میں ہریش راؤ کی تائید میں قراردادیں منظور کی گئیں تھیں ، ٹھیک اسی طرح گجویل میں ہریش راؤ کی آمد پر قرارداد منظور کی گئی۔ عوام سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے اپوزیشن امیدواروں کی ضمانت ضبط کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین صرف انتخابات کے اعلان کے بعد ہی دیہی علاقوں کا کرتے ہیں۔ ووٹ حاصل کرنے کے بعد انہیں عوام کی ترقی کی کوئی فکر نہیں رہتی۔ انہوں نے کہا کہ گجویل میں ایک ایک ووٹ کے سی آر کے حق میں استعمال کیا گیا ۔ ریاست میں ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں میں عوام کی بھلائی کیلئے جو قدم اٹھائے گئے گزشتہ 70 برسوں میں کانگریس اور دیگر پارٹیوں کی جانب سے ایسی مثال پیش نہیں کی جاسکتی۔ مشن بھگیرتا اور مشن کاکتیہ کے ذریعہ پانی کا مسئلہ مستقل طور پر حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کے سی آر حکومت کا کارنامہ ہے ۔ ہریش راؤ نے یقین ظاہر کیا کہ آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔