چیف منسٹر کی آج دہلی روانگی ، وزیر اعظم و مرکزی وزراء سے ملاقات کا امکان ‘قبل از وقت انتخابات کی قیاس آرائیاں
حیدرآباد۔ 23 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ میں قبل از وقت انتخابات کے آثار نظر آرہے ہیں۔ آج چیف منسٹر کے سی آر راج بھون پہنچ کر گورنر سے ملاقات کی۔ وزیراعظم اور دوسرے مرکزی وزرا سے ملاقات کیلئے 24 اگست کو شام میں دہلی روانہ رہے ہیں۔ حکومت کے مشیراعلیٰ راجیو شرما نے دہلی میں الیکشن کمیشن سے ملاقات کی۔ ستمبر کے پہلے ہفتہ میں اسمبلی اجلاس طلب کرنے اور تیسرے ہفتہ میں اسمبلی تحلیل کرنے کی قیاس آرائیاں چلی رہی ہیں۔ وزرانے جلد انتخابات کرانے کے مکمل اختیارات چیف منسٹر کے سی آر کو سونپ دیئے ہیں۔ 24 اگست کو چیف منسٹر نے ٹی آر ایس مقننہ اور پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس طلب کیا ہے جس میں ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ، ارکان کونسل اور ارکان راجیہ سبھا کی رائے حاصل کرنے کا امکان ہے، جسکے بعد چیف منسٹر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ دہلی روانہ ہوجائیں گے۔ ریاست کے مسائل پر وزیراعظم مودی کے علاوہ مرکزی وزراء سے ملاقات کریں گے۔ ریاست کے زیرالتو اء مسائل کی یکسوئی کیلئے چیف منسٹر ضرورت پڑنے پر دو تین دن دہلی میں قیام کریں گے۔ ریاست میں قبل از وقت انتخابات کے مسئلہ پر سیاسی سرگرمیاں تیز ہوچکی ہیں۔ ہر جماعت اپنی حکمت عملی تیار کرنے میں مصروف ہوگئی ہے۔
چیف منسٹر کی 7 گھنٹوں تک طویل وزراء سے طویل تبادلہ خیال کے بعد ٹی آر ایس حلقوں میں انتخابی ماحول دیکھا جارہا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ریاستی وزراء این نرسمہا ریڈی اور مہیندر ریڈی نے 2 ستمبر کے جلسہ کی تیاریوں کا مقام پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں گشت کررہی ہیں کہ چیف منسٹر کے سی آر 2 ستمبر کے جلسہ میں قبل از وقت انتخابات سے متعلق اعلان کرسکتے ہیں۔ کے سی آر نے آج راج بھون پہنچ کر گورنر نرسمہن سے ملاقات کی اور جلد انتخابات کے مسئلہ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ سمجھا جارہا ہے کہ ستمبر پہلے ہفتہ میں اسمبلی اور کونسل کا اجلاس طلب کیا جائے گا اور تیسرے ہفتے میں اسمبلی تحلیل کی جاسکتی ہے۔ اندرون ہفتہ آئی اے ایس اور آئی پی ایس کے تبادلوں کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ اپنے حالیہ دورہ دہلی کے موقع پر کے سی آر نے وزیراعظم سے زونل سسٹم کو منظوری دینے نمائندگی کی تھی۔ نئے زونل سسٹم کو منظوری نہ ملنے کی وجہ سے پنچایت سیکریٹری کی نامزدگی و دیگر تقررات میں تاخیر ہورہی ہے۔ دہلی میں موجود حکومت کے مشیر اعلیٰ راجیو شرما مختلف اُمور کا جائزہ لے رہے ہیں اور مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں سے تبادلہ خیال بھی کیا جس کے مثبت نتائج برآمد نہ ہونے پر چیف منسٹر نے دورہ دہلی کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر زونل سسٹم کی منظوری کے ساتھ تلنگانہ کیلئے وصول طلب ایف آر بی ایم فنڈز کی اجرائی پسماندہ اضلاع کی ترقی کیلئے 450 کروڑ روپئے سیلف ہیلپ گروپس اور کسانوں کو دیئے جانے والے قرض کے سود پر مرکز کی سبسڈی کی اجرائی، ہائیکورٹ کی تقسیم، ریجنل رِنگ روڈ تعمیر کرنے فنڈز کی اجرائی، نئے سیکریٹریٹ کی تعمیر کیلئے دفاعی اراضیات کی حوالگی پر ٹال مٹول پالیسی کو وزیراعظم سے رجوع کرنے کی کوشش کریں گے۔