کے سی آر پر ارکان مقننہ کو انحراف کیلئے مجبور کرنے کا الزام

۔6 منحرف ارکان کی نااہلی کیلئے اسپیکر اسمبلی سے کانگریس قائدین کی نمائندگی
حیدرآباد۔ 14 اپریل (سیاست نیوز)کانگریس مقننہ پارٹی نے انحراف کرنے والے 6 ارکان اسمبلی کے خلاف انسداد انحراف قانون کے تحت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی سے نمائندگی کی ہے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامار کا نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں غیردستوری حکمرانی جاری ہے۔ کے سی آر نے دستور کے مطابق حکمرانی کا حلف لیا لیکن اس کے خلاف کام کررہے ہیں۔ کانگریس ارکان اسمبلی کو دھمکاکر انحراف کے لئے مجبور کیا گیا۔ دوسرے ارکان پر بھی دباؤ بنایا جارہا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ منحرف ارکان کو رکنیت سے نااہل قرار دینے کیلئے اسپیکر سے نمائندگی کی گئی ہے۔ جن 6 ارکان کے خلاف شکایت کی گئی، ان میں کانتا راؤ، اے سکو، سدھیر، وی وینکٹیشور راؤ، سبیتا اندرا ریڈی اور ہریش وردھن شامل ہیں۔ اسپیکر نے کارروائی کا تیقن دیا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کی توہین کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت میں دلتوں کا کوئی احترام نہیں ہے۔