کے سی آر دولت تقسیم کرکے کامیابی حاصل کرنے کوشاں

سرکاری ملازمین ‘ بیروزگار نوجوان اور طلبا حکومت سے بیزار : چندرا بابو نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد 4 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر تلگودیشم و چیف منسٹر آندھراپردیش چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ تلنگانہ میں گزشتہ دنوں تک مسٹر چندرشیکھر راؤ نے جدوجہد کے نام پر ووٹ حاصل کئے اور اب اپنی دولت کی تقسیم کرکے کامیابی حاصل کرنے کوشاں ہیں۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اب تلنگانہ راشٹرا سمیتی اور چندرشیکھر راؤ کی قیادت سے ریاست کے تمام سرکاری ملازمین بے روزگار نوجوان، طلباء برادری، تلنگانہ کے حقیقی جہدکار پروفیسر ایم کودنڈا رام، انقلابی گلوکار غدر وغیرہ دوری اختیار کرچکے ہیں اور اب یہ تمام مہا کوٹمی کے ساتھ ہیں۔ چندرابابو نائیڈو نے اپنے اس عزم کا اظہار کیاکہ وہ تلگو عوام اور دونوں تلگو ریاستوں کی ترقی کیلئے اقدامات کریں گے جبکہ چندر شیکھر راؤ صرف اپنے سیاسی و ذاتی مفادات کیلئے کام کرنے انہوں نے برہمی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہاکہ چندرشیکھر راؤ ریاست میں انتخابی مہم میں حصہ لینے پر انھیں دھمکیاں دینے کی کوشش کررہے ہیں یہاں تک کہ ان کے خلاف کے سی آر غیر شائستہ الفاظ کا استعمال کررہے ہیں لیکن انھوں نے کہاکہ وہ چندرشیکھر راؤ کی کسی نوعیت کی کوششوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں۔ انھوں نے کہاکہ انھیں گالی گلوج کرنے پر ٹی آر ایس کو ووٹ حاصل نہیں ہونگے۔

نائیڈو نے کہاکہ چندرشیکھر راؤ ان سے یہ دریافت کررہے ہیںکہ ریاست میں انہوں نے کیا کام ہے؟ انھوں نے چندرشیکھر راؤ سے دریافت کیاکہ اگر تلگودیشم نہ ہوتی تو تم کہاں رہتے؟ اور میں نے ہی انھیں ہر لحاظ سے آگے بڑھایا اور ہر موقع پر ہمت افزائی کی لیکن کے سی آر نے انھیں بُرا بھلا کہتے رہے۔ انھوں نے کے سی آر سے دریافت کیاکہ آیا تمہارے کس کام میں مَیں نے رکاوٹ پیدا کی۔ نائیڈو نے آج شہر کے مختلف حلقہ جات بالخصوص خیریت آباد اور جوبلی ہلز میں کانگریس امیدواروں ڈی شراون کی انتخابی مہم میں حصہ لے کر کہاکہ گزشتہ دو تین دن تک ان حلقوں میں امیدواروں کا موقف کچھ اور تھا اور آج کی تازہ ترین رپورٹس کی روشنی میں ان امیدواروں کی کامیابی یقینی ہے۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے کے سی آر ایک سے زاید جلسوں سے خطاب کرکے انھیں گالی گلوج کررہے ہیں۔ چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ انھیں کس حد تک گالی گلوج کرنا ہے کیجئے اور مزید گالی گلوج کریں۔ کے سی آر جتنی ان کو گالی گلوج کریں گے اتنا ہی زیادہ عوام انھیں آشیرواد دیں گے۔ قومی صدر تلگودیشم پارٹی نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی سینئر مودی ہیں تو یہاں تلنگانہ میں کے چندرشیکھر راؤ جونیر مودی کی طرح تیار ہوئے ہیں۔