کے سی آر اور الیکشن کمیشن کے مابین میچ فکسنگ : اتم کمار ریڈی

گاندھی خاندان کے تعلق سے ریمارکس کا صدر ٹی آر ایس کو کوئی حق نہیں ‘ دہلی میں پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 6 ستمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اُتم کمار ریڈی نے نگران کار چیف منسٹر کے سی آر پر الیکشن کمیشن سے ’میچ فکسنگ‘ کرتے ہوئے قبل از وقت انتخابات کرانے کا الزام عائد کیا۔ گاندھی خاندان کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کرنے والے کے سی آر کو ’نفسیاتی مریض‘ قرار دیا۔ دہلی میں اے آئی سی سی ہیڈکوارٹرس پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُتم کمار ریڈی نے ملک کی دیگر 4 ریاستوں کے ساتھ تلنگانہ میں انتخابات ہوجانے کی توقع کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے گورنر سے ملاقات کے بعد تلنگانہ بھون میں کی گئی پریس کانفرنس میں خود نگران کار چیف منسٹر نے اعتراف کیا کہ ان کی قبل از وقت انتخابات کے بارے میں چیف الیکشن کمشنر سے بات ہوچکی ہے۔ اس سے واضح ہوگیا کہ کے سی آر اور الیکشن کمیشن کے درمیان میچ فکسنگ ہوچکی ہے۔ اتم کمار نے کے سی آر کی جانب سے تلنگانہ کی ترقی کے بارے میں کئے گئے وعدوں کو ’’بکواس‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ سارے ملک میں بدعنوانیوں، کسانوں کی خودکشی، حصول قرض اور شراب کی فروخت میں یقینا سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 ماہ قبل اسمبلی تحلیل کرکے کے سی آر نے ’اپنی قبر آپ کھود لی ہے‘۔ اُتم کمار نے بدعنوانیوں میں ملوث ہوتے ہوئے ریاست کی دولت کو لوٹ لینے کا کے سی آر کے ارکان خاندان پر الزام عائد کیا اور کہا کہ تلنگانہ میں انتخابات کانگریس بمقابلہ ٹی آر ایس نہیں ہے بلکہ تلنگانہ عوام بمقابلہ گھمنڈی و بدعنوان کے سی آر خاندان ہے۔ مقابلے میں بلاآخر تلنگانہ عوام کو ہی کامیابی حاصل ہوگی۔ عوام ٹی آر ایس کو اقتدار سے دور رکھنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ صدر کانگریس پردیش کانگریس نے نگران چیف منسٹر کی جانب سے گاندھی خاندان کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اس کو’گھمنڈ و غرور کی نشانی‘ قرار دیا اور کے سی آر نفسیاتی بیماری میں مبتلا ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سبق سکھانے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ جواہر لعل نہرو، اندرا گاندھی، راہول گاندھی کے بارے میں بات کرنے کا کے سی آر کو کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔