ٹورنٹو : کناڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے آمد رمضان کے موقع پر کناڈا میں مقیم مسلمانوں سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد دی ہے ۔کناڈا کے وزیراعظم جسٹن ہر سال مسلمانو ں کو مبارکباد دینا نہیں بھولتے ۔
اس سال بھی انھوں نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے آمد رمضان کے موقع پر تمام مسلمانوں کو مبارکباددی ہے ۔جسٹن نے ٹوئیٹر پرجاری کئے گئے اپنے ویڈیو پیغام کاآغاز سلام سے کرتے ہوئے کہا کہ آج کناڈا سمیت دنیا بھر کے مسلمانو ں کے لئے ماہ رمضان کا آغاز ہورہا ہے ۔
لوگ اس ماہ میں مساجد او راپنے گھروں میں عبادت کا اہتمام کرتے ہیں ۔دن میں روزہ رکھتے ہیں ۔اور شام میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ افطار کرتے ہیں ۔ماہ رمضان روحانی عبادت کا مہینہ ہے او رسخاوت ،اطمینان اورشفقت ظاہر کرنے کا مہینہ ہے ۔رمضان اسلام کا مقدس مہینہ ہے ۔
جس میں غروب آفتاب کے وقت مسلما ن ایک ساتھ مل کر افطار کرتے ہیں۔صدقہ دینا اسلام کا بہت اہم حصہ ہے ۔ماہ رمضان میں مسلمان صدقہ و خیرات کرتے ہیں او راس ماہ میں مسلمانوں کی یہ سرگرمیاں بڑ ھ جاتی ہیں۔
جسٹن نے اپنی فیملی او راپنی اہلیہ صوفی کی جانب سے تمام مسلمانوں کو ماہ رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ماہ رحمتوں او ربرکتوں سے بھرپور ہے ۔’’رمضان مبارک‘‘۔