رکن اسمبلی کونااہل قراردینے کے بعد ہائی کورٹ کے ایک رکنی بنچ نے الیکشن کمیشن کو تازہ انتخابات کی ہدایت بھی جاری کردی۔
ترویننتھام پورم۔سال2016کے اسمبلی الیکشن میں فرقہ پرستی کی بنیاد پر انتخابی مہم چلانے کے لئے کیرالا ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز مسلم لیگ کے رکن اسمبلی کے ایم شاہ جی کو نااہل قراردیا ہے۔
ان کے مدمقابل کے امیدار سی ایم پی کے ناکیش کمار جنھوں نے شمالی کیرالا کے ضلع کنور کی ازیکوٹی اسمبلی سیٹ پر بہت ہی کم مارجن سے شکست کھائی تھی نے مذکورہ رکن اسمبلی پر فرقہ پرستی کی بنیاد پر مہم چلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایاتھا۔رکن اسمبلی کونااہل قراردینے کے بعد ہائی کورٹ کے ایک رکنی بنچ نے الیکشن کمیشن کو تازہ انتخابات کی ہدایت بھی جاری کردی ہے۔
عدالت نے نااہل قراردئے گئے رکن اسمبلی سے کہاہے کہ وہ شکست سے دوچار ہونے والے رکن اسمبلی کی پچاس ہزار روپئے کی کورٹ فیس بھی ادا کرے۔دو مرتبہ سے اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرنے والے شاہ جی نے کہاکہ وہ بہت جلد سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔
مسلم لیگ کے جنرل سکریٹری پی کے کنہالی کوٹی ایم پی نے کہاکہ’’ انتخابات کے دوران اسمبلی حلقہ میں قابل اعتراض کچھ نوٹس چسپاں کی گئی تھی۔
ہم نے اسوقت ہی مذکورہ نوٹس سے ناواقف ہونے کا اعلان کردیاتھا ۔
یہ ہمارے امیدوار کو بدنام کرنے کے لئے کھیلا گیا کھیل تھا۔ شاہ جی کے متعلق ہر کوئی جانتا ہے۔ وہ بے قصور ہے اس کو سپریم کورٹ میں ہم ثابت کریں گے‘‘