کوچی 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا میں ایک 16 سالہ لڑکی نے لڑکے کو جنم دیا ہے اور طبی معائنوں کے بعد یہ حیرت انگیز انکشاف ہوا ہے کہ اس نومولود کا باپ کوئی اور نہیں بلکہ 12 سالہ لڑکا ہے۔ اس طرح سمجھا جاتا ہے کہ یہ لڑکا غالباً ہندوستان کا کم عمر ترین باپ بن گیا ہے۔ کم عمر ماں نے جس کی عمر بمشکل 16 سال ہے کیرالا کے ارناکلم ٹاؤن میں اس لڑکے کو جنم دیا۔ تاہم کمسن بچوں کو جنسی جرائم سے بچانے کے قانون (پوکسو) کی دفعات کے مطابق نابالغ ماں باپ اور ان کے بچے کی تفصیلات کو راز میں رکھا گیا ہے۔ ڈی این اے معائنوں کے بعد نومولود کے باپ کا پتہ چل گیا ہے جس کی عمر بمشکل 12 سال ہے۔ تھرواننتاپورم میڈیکل کالج میں شعبہ انڈو کرینولوجی کے صدر اور پروفیسر ڈاکٹر پی کے جیار نے کہاکہ ممکن ہے کہ لڑکا وقت سے پہلے ہی بلوغت پر پہونچ گیا۔ طبی سائنس میں یہ کوئی غیرمعمولی واقعہ نہیں ہے لیکن اس کمسن کا باپ بن جانا یقینا ایک غیرمعمولی واقعہ ہوسکتا ہے کیوں کہ ڈاکٹر جیار نے کہاکہ 12 سال کی عمر میں کسی لڑکا کے باپ بننے کا واقعہ اس سے پہلے کبھی ان کے علم میں نہیں آیا تھا۔