کھوکھلے دعووں و جارحانہ تیور سے ہمیں خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا ‘ نواز شریف

اسلام آباد 4 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) یہ واضح کرتے ہوئے کہ پاکستان کو کھوکھلے دعووں اور جارحانہ تیور سے خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا پاکستان نے آج کہا کہ اس کی مسلح افواج ملک کی علاقائی سالمیت اور اتحاد کو درپیش کسی بھی خطرہ کو ناکام بنانے کی اہلیت رکھتی ہیں۔ واضح رہے کہ اوری حملہ کے بعد دونوں ملکوں کے مابین کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے دوران وزیر اعظم نوام شریف نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اس کی اس خواہش کو اس کی کمزوری کی علامت نہیں سمجھنا چاہئے ۔ اجلاس میں فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف اور دوسرے اعلی دفاعی عہدیداروں نے شرکت کی ۔ وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ داخلی اور بیرونی سلامتی اور خاصطور پر لائین آف کنٹرول کی صورتحال ‘ مسلح افواج کی تیاری کی حالتوغیرہ کا اجلاس میں جائزہ لیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ملک کی اعلی قیادت نے مسلح افواج کی تیاریوں اور اس کی حالت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ ساری قوم مسلح افواج کے ساتھ کندھے کے ساتھ کندھا ملا کر کھڑی ہے اور وہ کسی بھی قیمت پر ملک کے دفاع کو یقینی بنائیں گے ۔ نواز شریف نے اجلاس کے دوران کہا کہ پاکستان کو کھوکھلے دعووں اور جارحانہ تیور سے خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ملک کسی بھی ملک کے خلاف جارحانہ تیور نہیں رکھتا اور وہ امن اور اجتماعی بہتری میں یقین رکھتا ہے ۔