لکھنو۔ملک بھر میں عید الاضحی کے موقع پر مسلمانو ں میں جہاں جوش وخروش دیکھا جارہا ہے وہیں اترپردیش حکومت نے قانونی طور پر جن جانوروں کے قربانی کی اجازت دی گئی ہیں انہیں بھی تحدیدات کے تحت قربانی دینے کا اترپردیش کے مسلمانوں کے لئے فرمان جاری کیاہے۔
چہارشنبہ کے روز حکومت اترپردیش نے عید الاضحی کے موقع پر ریاست میں کہیں پر بھی کھلے مقامات پر جانور ذبیح کرنے سے منع کیا ہے۔
اس کے علاوہ یوگی حکومت نے جانوروں کی قربانی کے دوران سیلفی لینے اور سوشیل میڈیا پر ایسی سیلفی پوسٹ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کا بھی انتباہ دیا ہے۔
ضلع مجسٹریٹ کے ساتھ ایک ویڈیوکانفرنس میں چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ نے انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ بقرعید کے موقع پر کھلے مقامات میں جانوروں کی قربانی پر یقینی طور پر روک لگائی جائے اور کھلے نالوں میں خون اور جانوروں کا فضلہ بہانے کو بھی روکا جائے تاکہ دیگر مذہب کے ماننے والوں کے جذبات مجروح نہ ہوں۔
اس کے علاوہ حکومت نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کو بھی کہا ہے۔ پچھلے کچھ سالوں سے عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کے ساتھ سوشیل میڈیا پر تصویریں پوسٹ کرنے کا چلن عام ہوگیا ہے۔
چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہاکہ نظم ونسق کی برقراری اور ریاست بھر میں پانی اور برقی کی بلاوقفہ سربراہی کو یقینی بنائی جائے۔ پولیس کو اس بات کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ممنوعہ جانوروں کے ذبیحہ پر نظر رکھی جائے اور سالانہ کانوڑ یاترا کے راستوں پر بھی موثر نگرانی کے انتظام کئے جائیں۔