کپڑا بینک ، غریب عوام کی ضرورتوں کو پورا کرنے میں معاون

ادارہ سیاست کی جانب سے کپڑا بینک کا مرکزی ادارہ قائم ، جناب زاہد علی خاں کا خطاب
حیدرآباد۔7فبروری(سیاست نیوز) مدیراعلی روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خان نے کہاکہ ادارے سیاست فیضان عام اور ہلپنگ ہیڈس کے اشتراک سے کپڑا بینک کے قیام کے ذریعہ غریب عوام کی ضرورتوں کو پورا کرنے کاکام کررہا ہے ۔ ادارے سیاست کی جانب سے عابدعلی خان آئی ہاسپٹل ‘ کالی قبر کے پاس کپڑا بینک کا مرکزی ادارہ قائم کیاگیا ہے اس کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں بشمول مضافات اور ریاست کے دیگر اضلاعوں میں بھی کپڑا بینک کا بھی قیام عمل میں لانے کی تیاری کی جارہی ہے جہاں پر مسلمانوں کی پسماندہ بستیاں موجود ہیں۔ آج یہاں قائم نگر کشن باغ میں کپڑا بینک کے نئے مرکز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران جناب زاہد علی خان نے کہاکہ مولا علی کے بعد اب قائم نگر میںکپڑا بینک قائم کیاگیا ہے تاکہ ضرورت مندوں کی مدد کی جاسکے۔ جناب زاہد علی خان نے کہاکہ ہمیںیہ جہد ممبئی شہر کے ایک کپڑا بینک سے ملی جس کا ویڈیو واٹس ایپ پر گشت کررہا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری اس جہد کو تقویت اس وقت ملی جب کینڈا کے گروپ نے ایک کنٹینر بھر کر کپڑا اور دیگر ضروریات زندگی کا سامان روانہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس کے بعد ہم تین تنظیموں کے ذمہ داران نے مل کر بیس ہزار ملبوسات پر مشتمل ایک کپڑا بینک کا عابد علی خان آئی ہاسپٹل میںقیام عمل میںلایا ‘ جہاں سے آج تک ہزاروں کی تعداد میںلوگ استفادہ اٹھارہے ہیں۔ جناب زاہد علی خان نے کہا کہ مزید دو کنٹینر کپڑوں سے بھری ڈبے کینڈا سے روانہ کئے گئے ہیں۔جناب زاہد علی خان نے کہاکہ استعمال کے قابل ملبوسات کو غریب عوام کے درمیان میں تقسیم کرنے کی غرض سے حیدرآباد‘ اور اس کے مضافات کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاعوں میںجہاں پر معاشی طور پر پسماندہ مسلمانوں کی اکثریت پائی جاتی ہے ‘ یہ ملبوسات تقسیم کئے جائیںگے۔جناب زاہد علی خان نے کہاکہ ہمارے علاوہ کینڈا کے ان شہریوں کے لئے بھی دعائوں کی گذارش کی جو وہاں سے ملبوسات اور دیگر ضروریات زندگی کے ساز وسامان روانہ کررہے ہیں۔ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے خطاب کرتے ہوئے علاقے میںمعاشی طور پر پسماندہ خاندانوں سے مذکورہ کپڑا بینک سے استفادہ اٹھانے کی اپیل کی ۔ جناب شوکت علی مرزا نے کاروائی چلائی ۔ اس موقع پر جناب زاہد علی خان کے ہاتھوں ضرورت مند خواتین میں ملبوسات کی تقسیم عمل میںلائی۔