کپواڑہ انکاؤنٹر میں بہادری ، لانس نائیک گوسوامی کو اشوک چکر

نئی دہلی۔ 26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) لانس نائیک موہاپ ناتھ گوسوامی کو آج ملک کا اعلیٰ ترین باوقار بہادری ایوارڈ اشوک چکر بعد از مرگ دیا گیا۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے 67 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر گوسوامی کی بیوہ بھاؤنا گوسوامی کو یہ اعزاز دیا۔ لانس نائیک ضلع کپواڑہ میں دہشت گردوں کے ساتھ گھمسان کی لڑائی میں ہلاک ہوگئے۔ انہوں نے جموں و کشمیر میں متواتر آپریشنس میں شجاعت کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجہ میں 11 دن میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔ فوجی ذرائع نے بتایا کہ انہوں نے تین آپریشنس میں سرگرم حصہ لیا تھا۔ کپواڑہ کے قریب گھنے ہفرودا جنگلاتی علاقہ میں انکاؤنٹر ان کے لئے آخری آپریشن ثابت ہوا۔ توصیفی سند میں اس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ 2 ستمبر کی شب 8:15 بجے چار دہشت گردوں کے ساتھ خطرناک انکاؤنٹر ہوا جن میں لانس نائیک کے تین ساتھی زخمی ہوگئے۔ گوسوامی نے اپنی زندگی کو جوکھم میں ڈال کر نہ صرف یہ کہ زخمی ساتھیوں کی مدد کی بلکہ دہشت گردوں کو ختم کرنے میں بھی اہم رول ادا کیا اور انہوں نے دو دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔