بچوں کو تحفظ فراہم کرنا سماجی ضرورت ، صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند کا بیان
ککریال (ریاسی ) ۔ 18اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) صدرجمہوریہ ہند رام ناتھ کووند نے آج کٹھوعہ عصمت ریزی اور قتل مقدمہ کو گھناؤنا اور شرمناک قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی اور کہا کہ پورے خلوص کے ساتھ ہمارے سماج کے لئے ضروری ہے کہ بچوں کو تحفظ فراہم کرے اور اپنا احتساب کرے کہ یہ کس قسم کا سماج ہے جس میں ایسے واقعات پیش آرہے ہیں ۔ صدرجمہوریہ نے کہاکہ بچوں کیخلاف جرائم عالم انسانیت کے لئے شدید تشویش کی وجہ ہیںاور ضروری ہے کہ اس بات کا پختہ عہد کیا جائے کہ بچوں کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔ صدرجمہوریہ نے کہا کہ ایسا واقعہ ہمارے ملک میں آزادی کے 70 سال بعد بھی پیش آنا انتہائی شرمناک ہے ۔ ہمیں سوچنا چاہئے کہ ہم کدھر جارہے ہیں ۔ ہمارا سماج جس میں ایسے واقعات پیش آرہے ہیں کس قسم کا سماج ہے اور ہماری آئندہ نسلیں کس قسم کی ہوں گی ۔ صدرجمہوریہ شری ماتا ویشنودیوی یونیورسٹی کے جلسۂ تقسیم اسناد سے خطاب کررہے تھے ۔ انھوں نے کہاکہ میں محسوس کرتا ہوں کہ بچوں کی مسکراہٹ دنیا کی سب سے حسین شئے ہے۔ ہمارے سماج کی سب سے بڑی کامیابی بچوں کے تحفظ کو یقینی بناکر حاصل ہوسکتی ہے ۔ بچوں کو اس سماج میں محفوظ محسوس کرنا چاہئے ۔ انھوں نے کہا کہ یہ ہمارے سماج کا اولین فرض ہے کہ بچوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور اُن میں محفوظ ہونے کا احساس پیدا کیا جائے ۔ انھوں نے کہاکہ بچوں کو سنگین جرائم کا ہمارے ملک کے کسی نہ کسی حصہ میں نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ ، حال ہی میں ایک بچہ نفرت انگیز اور بربریت انگیز جرم کا نشانہ بنا ، کوئی بھی اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا ۔ انھوں نے کٹھوعہ میں آٹھ سالہ لڑکی کی بیرحمانہ اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کے واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کیا ہم ایسے سماج میں تبدیل ہورہے ہیں جہاں ہماری مائیں ، بہنیں اور بیٹیاں خود کو انصاف ، مساوات اور آزادی حاصل کرتا ہوا محسوس کررہی ہیں جس کی طمانیت دستور ہند میں دی گئی ہے ۔ صدرجمہوریہ نے ملک گیر سطح پر لڑکیوں اور بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کا پختہ عہد کیا ۔ انھوں نے کہاکہ یہ سب کی ذمہ داری ہے کہ کٹھوعہ جیسے واقعات ہمارے ماؤں اور بہنوں کے ساتھ ملک کے کسی بھی حصہ میں پیش نہ آئیں۔ انھوں نے کہاکہ اچھی تعلیم طلبہ کو اچھے انسان بناتی ہے ۔ حساس اور مساوات کا احساس رکھنے والے انسان بناتی ہیں۔