ٹی آر ایس لیڈر کے ایس رتنم بھی 27 ستمبر کو شامل ہوں گے
حیدرآباد 25 ستمبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے ٹکٹ سے محروم کونڈا سریکھا اور ان کے شوہر کونڈا مرلی 26 ستمبر کو دہلی میں صدر کانگریس راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے کاکنگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے۔ 27 ستمبر کو گاندھی بھون میں ٹی آر ایس کے سینئر قائد سابق رکن اسمبلی کے ایس رتنم کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ کونڈا سریکھا نے آج ٹی آر ایس قیادت کے خلاف علم بغاوت کرنے کے بعد اپنے شوہر رکن قانون ساز کونسل کونڈا مرلی کے ساتھ دہلی پہونچ گئیں۔ وہ 26 ستمبر کو صبح میں قائد اپوزیشن راجیہ سبھا غلام نبی آزاد سے ملاقات کریں گی اور دوپہر میں صدر کانگریس راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گی۔ ضلع رنگاریڈی کی نمائندگی کرنے والے سابق رکن اسمبلی کے ایس رتنم آج گاندھی بھون پہونچے۔ واضح رہے کہ انھوں نے 5 دن قل ٹی آر ایس رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا اور 27 ستمبر کو کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے ہیں۔ انھوں نے گاندھی بھون میں جلسہ عام منعقد کرنے کا بھی جائزہ لیا۔ دہلی میں غلام نبی آزاد، احمد پٹیل، اشوک گہلوٹ، آر سی کنٹیا، اتم کمار ریڈی اور جانا ریڈی سے ملاقات کی۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سکریٹری اے آئی سی سی و انچارج تلنگانہ کانگریس اُمور آر سی کنٹیا نے کہاکہ کونڈا سریکھا اور کونڈا مرلی کے علاوہ اور بھی کئی دوسرے قائدین کانگریس میں شمولیت اختیار کرنا چاہتے ہیں۔ کانگریس میں شامل ہونے والے قائدین کا پارٹی میں احترام کیا جائے گا۔ کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کے خلاف تادیبی کارروائی سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے آر سی کنٹیا نے کہاکہ ڈسپلن شکنی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی پارٹی صدر راہول گاندھی نے ہدایت دی ہے۔ کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کے بارے میں تادیبی کمیٹی فیصلہ کرے گی۔ عظیم اتحاد کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر حلیف جماعتوں سے مذاکرات ہونا باقی ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ میں سیاسی اتحاد اور پارٹی امیدواروں کے انتخاب کے تعلق سے پارٹی کے سینئر قائدین سے تبادلہ خیال ہوا ہے۔ کے جاناریڈی نے اپنے فرزند کے ٹکٹ کے لئے دہلی میں قیام کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ وہ شخصی کام سے دہلی میں قیام کئے ہوئے ہیں جہاں تک ان کے فرزند کے مقابلہ کا معاملہ ہے پارٹی ہائی کمان اس کا قطعی فیصلہ کرے گی۔