کوفی عنان کی سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین

اکرہ ۔ 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سابق سکریٹری جنرل کوفی عنان کی آج پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین عمل میں آئی جہاں موجودہ اور سابق عالمی قائدین، شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد اور روایتی حکمرانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ان کے آبائی شہر گھانا میں ان کی تدفین کے وقت عوام کے علاوہ معززین نے بھی سیاہ لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔ یاد رہیکہ کوفی عنان کا مختصرسی علالت کے بعد 18 اگست کو انتقال ہوگیا تھا۔ تدفین سے قبل ان کے تابوت کو انٹرنیشنل کانفرنس سنٹر میں رکھا گیا تھا۔ موجودہ سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس، نیدرلینڈس کی سابق ملکہ بیئریکس اور ان کی بہو شہزادی مابیل بھی آخری رسومات میں شرکت کرنے والوں میں شامل تھے۔ کوفی عنان نے 1997ء تا 2006ء اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کی حیثیت سے فرائض انجام دیئے۔ 80 سال کی عمر میں سوئٹزرلینڈ میں ان کا انتقال ہوگیا تھا۔ انہیں تدفین کے وقت 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ پسماندگان میں بیوہ ماریا کے علاوہ ان کے بچے اور پوتے پوتیاں، نواسے نواسیاں شامل ہیں۔