کنہیا کمار کا سیاہ پرچموں سے استقبال

پٹنہ ۔ یکم مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) جواہر لال نہرو یونیورسٹی طلبہ یونین کے صدر کنہیا کمار کا آج ایک تقریب میں دو نامعلوم اشخاص نے سیاہ پرچم لہراتے ہوئے استقبال کیا لیکن کنہیا کمار کے حامیوں نے انہیں زدوکوب کرنے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا جو ان سے تفتیش کررہی ہے ۔ یہ دونوں افراد ایک غیر معروف تنظیم ’’یوتھ سوراج‘‘  سے تعلق رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کنہیا کمار کا استقبال سیاہ پرچم لہراتے ہوئے اور بھارت ماتا کی جئے کے نعروں سے کیا تھا ‘ جب کہ کنہیا کمار ایک تقریب ’’ آزادی ‘‘ سے خطاب کررہے تھے جو ایس کے میموریل ہال میں اے آئی ایس ایف اور اے آئی وائی ایف کے زیراہتمام منعقد کی گئی تھی ۔ کنہیا کمار کے حامیوں نے دونوں افراد کو ہال میں زدوکوب کیا ۔ بعدازاں پولیس نے دونوں کو اپنی تحویل میں لے لیا ۔ پٹنہ کے ایس ایس پی منومہاراج نے کہا کہ دونوں زیرحراست افراد کی شناخت بحیثیت نتیش کمار ساکن ضلع سیتامڑھی اور منی کانت منی ساکن ضلع سمستی پور کی گئی ہے ۔ پولیس نے کہا کہ دونوں نوجوان مبینہ طور پر آر ایس ایس کے ارکان ہیں ۔ یونیورسٹی کی طلبہ یونین کے صدر اس واقعہ کے پیش آنے کے وقت حاضرین سے خطاب کررہے تھے ۔