شہرنما ملک میں سخت ترین سیکورٹی انتظامات ‘ سرد جنگ کے ورثے کی آخری کشمکش کے خاتمہ کی کوشش
سنگاپور۔10 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) شمالی کوریا کے حاکم کم جونگ اُن امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے منگل کو ہونے والی فقید المثال چوٹی ملاقات کیلئے آج یہاں پہنچ گئے ۔ ان دونوں قائدین کی مجوزہ ملاقات دراصل سرد جنگ کے ورثے میں باقی رہ جانے والی آخری کشمکش کو ختم کرنا ہے ۔ امریکی صدر ٹرمپ نے اس ملاقات کو ان کے استحکام کیلئے ایک بہترین موقع قرار دیا ہے ۔ پیانگ یانگ کے نیوکلیئر اسلحہ اس بات چیت کا اصل ایجنڈہ ہوں گے ۔ ان نیوکلیئر اسلحہ کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ماضی میں اس کمیونسٹ ملک کے خلاف متعدد مرتبہ سخت ترین پابندیاں عائد کرچکی ہے اور صدر ٹرمپ فوجی کارروائی کی دھمکی بھی دے چکے تھے۔ شمالی کوریا کے سربراہ اور اس کے’’ سامراجی دشمن ‘‘کے کسی برسرعہدہ صدر کے درمیان میں اپنی نوعیت کی پہلی اور تاریخ ساز ملاقات ہوگی جس میں کوریا کی جنگ کے خاتمہ کے 65سال بعد اس جنگ بندی کا اعلان بھی متوقع ہے ۔ کم جونگ اُ۔ ایر چائنا کے بوئنگ 747 طیارہ کے ذریعہ سنگاپور پہنچے ۔ شہرنما ملک سنگاپور کے وزیر خارجہ ویوئین بالا کرشنن نے چانگی ایئرپورٹ پر کم جونگ اُن سے مصافحہ کرتے ہوئے ایک تصویر ٹوئیٹر پر پوسٹ کی ۔ بعد ازاں شمالی کوریا کے حاکم کو مرسیڈیس بنز سموسین کے ذریعہ ان کی ہوٹل لے جایا گیا ۔ ان کے ہمراہ 20 گاڑیوں کی قافلہ تھا ۔ کم آج سنگاپور کے صدر ہیسین لونگ سے ملاقات کریں گے ۔ اس دوران ٹرمپ بھی جی ۔7 چوٹی کانفرنس میں اپنی مصروفیات مختصر کرتے ہوئے خصوصی صدارتی طیارہ یو ایس ایئرفورس ون کے ذریعہ سنگاپور روانہ ہوگئے ۔ سنگاپور میں دونوں قائدین کی چوٹی ملاقات کا مقام سخت ترین سیکورٹی انتظامات کے سبب فصیل بند قلعہ میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ اطراف کی لکژریز ہوٹلوں میں بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ کم کی نقل و حرکت کو اخباری نمائندوں کی نظروں سے بچانے کیلئے کم کے قیام کیلیء مختلف ہوٹل میں آرائشی پودوں کے اضافی گملے رکھے گئے ہیں تاکہ پھول پتوں کے ذریعہ پردہ کا متبادل انتظام کیا جائے ۔