کل ہند صنعتی نمائش کو ’دوبئی شاپنگ فیسٹول‘ کے طرز پر ترقی دینے اقدامات

حکومت مکمل تعاون کیلئے تیار ، حیدرآباد عالمی معیار کے شہروں میں شامل ، افتتاحی تقریب سے کے ٹی آر اور ایٹالہ راجندر کا خطاب
حیدرآباد۔یکم۔جنوری(سیاست نیوز) نمائش سوسائٹی حیدرآباد کی کل ہند صنعتی نمائش کو عالمی طرز کے دبئی شاپنگ فیسٹیول کے طرز پر ترقی دینے کے اقدامات کرے حکومت ان کے ساتھ مکمل تعاون کیلئے تیار ہے۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے 77ویں کل ہند صنعتی نمائش کے افتتاح کے موقع پر یہ بات کہی۔ انہوں نے نمائش میدان میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کی نمائش سے ان کی بچپن کی یادیں وابستہ ہیں انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت موجودہ اراضی کو 99سال کی لیز پر دینے کے اقدامات مکمل کرچکی ہے اور بہت جلد دستاویزات نمائش سوسائٹی کے حوالے کردیئے جائیں گے۔ افتتاحی تقریب میں مسٹر ای راجندر ریاستی وزیر فینانس و صدرنمائش سوسائٹی کے علاوہ مسٹر آدتیہ مارگم اعزازی سیکریٹری نمائش سوسائٹی ‘ مسٹر بی رامچندر راؤ نائب صدر کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے نمائش کے منتظمین کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا اس قدیم نمائش کو منعقد کرتے ہوئے وہ روایات کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں اسی لئے انہوں نے نمائش سوسائٹی سے اراضی کی حوالگی کے متعلق کئے گئے وعدے کو پورا کرنے کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نمائش سوسائٹی اس نمائش کو عالمی طرز کی نمائش کے طرز پر فروغ دینے کے اقدامات کرتی ہے تو ایسی صورت میں حکومت ان سے بھر پور تعاون کیلئے تیار ہے۔انہوں نے 46روزہ نمائش کے دوران 20لاکھ افراد کی آمد‘ 100کروڑ کی تجارت اور 5000سے زائد افراد کو عارضی روزگار کی فراہمی کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد تیزی سے عالمی معیار کے شہروں کی فہرست میں شامل ہوتا جا رہا ہے اور ایسی صورت میں نمائش کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔ مسٹر ای راجندر نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران کہا کہ نمائش کا انعقاد صرف تجارتی مقاصد کے تحت ہی نہیں کیا جاتا بلکہ اس سے حاصل ہونے والی آمدنی کو تعلیم پر خرچ کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں پہلی مرتبہ لڑکیوں کے لئے فنی تعلیم کے مرکز پالی ٹیکنک کا آغاز نمائش سوسائٹی کی جانب سے کیا گیا جو اب تک بھی کامیابی کے ساتھ چلائی جا رہی ہے۔ مسٹر ای راجندر نے کہا کہ نمائش سوسائٹی کی جانب سے منعقد کئے جانے والے اس 46روزہ پروگرام کے دوران ملک کی مختلف ریاستوں سے صنعتکار اور تاجر حیدرآبادپہنچتے ہیں اور اس نمائش کے دوران وہ اپنی مصنوعات کو فروخت کرتے ہیں ۔ ریاستی وزیر فینانس و صدر نمائش سوسائٹی مسٹر ای۔راجندر نے بتایا کہ اس نمائش کے ذریعہ گھریلو مصنوعات کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور گھریلو صنعتوں میں تیارکردہ اشیاء کی فروغ کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ مسٹر آدتیہ مارگم نے اس موقع پر سالانہ رپورٹ پیش کی۔ مسٹر بی رامچندر راؤ نے خطبہ استقبالیہ کے دوران بتایا کہ نمائش کے دوران جملہ 2500اسٹالس لگائے جارہے ہیں جن کے ذریعہ زائد از 5000 افراد کو روزگار حاصل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ نمائش کے احاطہ میں آندھرا بینک‘ اسٹیٹ بینک آف حیدرآباد اور اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے اے ٹی ایم موجود ہیں ان سب کے علاوہ تلنگانہ کو آپریٹیوبینک کی جانب سے موبائیل اے ٹی ایم کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مسٹر بی رامچندرراؤ نے بتایا کہ نمائش کے باب الداخلہ پر کارڈ کے ذریعہ ٹکٹ کے حصول کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان کا اندرون دو یوم آغاز عمل میں آئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ نمائش کے اطراف پارکنگ کی جگہ کی نشاندہی کیلئے آن لائن ایپلیکیشن تیار کیا گیا ہے جس کے ذریعہ معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔مسٹر کے ٹی راماراؤ نے نمائش کے افتتاح کے بعد نمائش میں موجود منی ریل کے ذریعہ نمائش کا مشاہدہ کیا۔