سری نگر : جموں و کشمیر حکومت نے وادی کشمیر میں کیبل ٹیلی ویژن آپریٹرس کوہدایت دی ہے کہ وہ پاکستان ، سعودی عربیہ ، ایران او رعراق کے ۳۰؍ ٹیلی ویژن چینلس کی نشریات بند کرے ۔جن ٹی وی چینلس کو بند کرنے کی ہدایت دی ہے گئی ہے ان میں زیادہ تر مذہبی چینلس شامل ہیں ۔ایک رپورٹ کے مطابق ۳۰؍ غیر ملکی ٹی وی چینلس کو نشریات کوبند کرنے کے احکامات مرکزی وزارت برائے اطلاعات و نشریات کی ہدایت پر جاری کئے گئے ہیں ۔سرکاری احکامات میں بتایا گیا کہ یہ ٹی وی چینلس امن و امان کی صورتحال کو بگاڑ سکتے ہیں ۔کیونکہ ان میں تشدد بھڑکانے کی صلاحیت ہے ۔
ریاستی حکومت کے محکمہ داخلہ نے وادی کے سبھی دس اضلاع کے ضلع مجسٹریٹوں کو بذریعہ مکتوب ہدایات جاری کی ہیکہ وہ ان ۳۰ ؍ چینلس پر پابندی کو یقینی بنائیں ۔مقامی کیبل آپریٹر س نے حکومت کے اس فیصلہ پر مایوسی کا اظہار کیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ متذکرہ ٹی وی چینلس کی نشریات بند کرنے سے ان کے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہوں گے او روہ اپنے صارفین سے محروم ہوسکتے ہیں ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کشمیر کی ریاستی حکومت نے 2017ء میں کیبل آپریٹر س کو وادی میں تین مسلم ممالک بشمول پاکستان ، سعودی عرب اور ایران کے ٹی وی چینلس کی نشریات منقطع کرنے کا حکم جاری کیا تھا ۔ان میں بیشتر مذہبی ٹی وی چینل جیسے پیس ٹی وی ، سعودی سنت ، سعودی قرآن ، العربیہ ،پیغام ، ہدایت ، نور ، مدنی سحر ، کربلا ، ہادی اور اہلبیت شامل ہیں ۔