بلدیاتی انتخابات کے نتائج منظر عام پر، 178 وارڈوں پرآزاد،157پر کانگریس اور 100پربھاجپاقابض
جموں میونسپل کارپوریشن پر بی جے پی کا قبضہ ‘ خطے کی 36میونسپل کمیٹیوں و کونسلوں میں آزاد امیدوار سر فہرست
سرینگر- وادی کے بلدیاتی انتخابات کی کائوٹنگ کے دوران چونکا دینے والے نتائج سامنے آگئے ۔جہاں لیہہ میں بھاجپا کو بھاری شکست ہوئی وہیں جنوبی کشمیر میں بھاجپانے سب کو پیچھے چھوڑ دیاجبکہ سرینگر میونسپل کارپوریشن پر آزاد امیدواروں کی بھاری تعداد کامیاب ہوئی ہے ۔
واضح رہے کہ وادیاور لداخ میں کل 624وارڈ ہیں، جس میں سے 231پر امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ 185پر کوئی امیدوار کھڑا نہیں ہوا تھا اور صرف 208بلدیاتی حلقوں میں ہی الیکشن ہوا۔سرینگر میونسپل کار پوریشن میں آزاد امیدواروں نے 50سے زائدنشستیں حاصل کیں۔
لیہہ اور کرگل میں کانگریس نے میدان مارا ۔وادی میں جنوبی کشمیر کی کھریو اور فرصل ایسی دو میونسپل کمیٹیاں ہیں جہاں کوئی بھی امیدوار کھڑا نہیں ہوا تھا جبکہ صورہ واڑ میں کسی امیدوار نے بھی ووٹ نہیں ڈالا۔
ضلع سرینگر
سرینگر میں مجموعی طور پر انتخابی وارڈوں کی تعداد74ہے،جن میں سے8 نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوئے۔ایک وارڈ میں کوئی بھی ووٹ نہیں ڈالا گیا۔یہاں آزاد امیدواروں نے بازی مار دی اور54انتخابی وارڈوں پر فاتح بن کر ابھرے۔
کانگریس نے15جبکہ بی جے پی نے4نشستوں پر کامیاب حاصل کی۔کامیابی حاصل کرنے والوں میں نیشنل کانفرنس سے کنارہ کشی کرنے والے جنید متو بھی شامل ہیں،جنہوں نے راولپورہ میں168جبکہ سولنہ میں157 اور بڈ ڈل وارڈ میں1083ووٹ حاصل کر کے جیت درج کی،تاہم برین وارڈ پر وہ عاقب رینزو شاہ سے15ووٹوں سے شکست کھا گئے۔سابق وزیر طارق حمید قرہ کی اہلیہ نے18ووٹوں سے آزاد امیدوار فینسی جان سے الیکشن ہار ا۔
ضلع اننت ناگ
عارف بلوچ کے مطابق اننت ناگ ضلع میں مجموعی طور پر132وارڈ ہیں،جن میں42وارڈوں میں کوئی بھی امیدوار نہیں تھا،جبکہ63امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوئے اور صرف27نشستوں پر انتخاب ہوا۔
اننت ناگ میونسپل کونسل میں کانگریس پارٹی نے 25سیٹوں میں سے20سیٹوں پر قبضہ جمایا ، جبکہ بی جے پی نے3اور آزاد اُمیدواروں نے2سیٹیں حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ۔یہاں کانگریس کے سنیئر لیڈر ہلال احمد شاہ اور بی جے پی کے ضلع صدر رفیق احمد میر کامیابی حاصل کرنے والے اُمیدوار شامل ہیں
۔ڈورو میونسپل کمیٹی کے17وارڈوں میں کانگریس کے14امیدواروںاور بی جے پی کے6امیدوار نے بلا مقابلہ میدان مارا،تاہم ایک نشست پر کوئی بھی امیدوار کھڑا نہیں ہوا تھا۔
عشمقام میونسپل کمیٹی کے13وارڈوں میں5نشستیں خالی رہیں،4انتخابی وارڈوں میں آزاد امیدواروں اور ایک پر کانگریس نے بلا مقابلہ جیت درج کی ۔کوکرناگ میونسپل کمیٹی میں کل 13وارڈوں میں الیکشن ہوئے جس میں سے کانگریس نے10پر جیت حاصل کی جبکہ 2سیٹیں آزاد اُمیدوار نے حاصل کی اور ایک سیٹ خالی رہی ۔
بجہباڑہ میونسپل کمیٹی میں 17وارڈ ہیں جس میں سے بی جے پی نے3اور کانگریس نے2پر جیت درج کی جبکہ 12وارڈ خالی رہے ۔اچھ بل میونسپل کمیٹی میں کل 8وارڈ ہیں، جس میں سے بی جے پی نے2،کانگریس نے2اور آزاد اُمیدوار نے1سیٹ حاصل کی جبکہ 3سیٹ خالی رہیں ۔
پہلگام میونسپل کمیٹی میں 13 وارڈوں پر الیکشن ہوئے جس میں سے بی جے پی نے 7سیٹوں پر قبضہ جمایا ہے ،جبکہ6سیٹیں خالی رہے ۔
سیر ہمدان میں بھاجپا کے3 امیدوار کامیاب ہوئے،جبکہ8 وارڈخالی رہے۔مٹن میں بھاجپا کو7اور کانگریس کو2 نشستیں حاصل ہوئیں،جبکہ ایک آزاد امیدوار نے بھی میدان مار لیا اور ایک نشست خالی رہی۔
ضلع پلوامہ
سید اعجاز کے مطابق پلوامہ ضلع میں69وارڈ ہیں،جن میں57وارڈ خالی رہے،جبکہ12نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوئے اور ایک میونسپل کمیٹی کھریو میں کوئی امیدوار کھڑا نہیں ہوا تھا
۔پلوامہ میونسپل کمیٹی میں کل 13وارڈ ہیں، جن میں سے بی جے پی کے 2امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوئے جبکہ دیگر 11وارڈوں میں کوئی امیدوار نہیں تھا، اور یہ نشستیں خالی رہیں۔کھریو میونسپل کمیٹی کی تمام نشستیں خالی رہیں۔
اونتی پورہ میونسپل کمیٹی کے13وارڈوں میں سے12وارڈوں پر کوئی بھی امیدوار کھڑا نہیں تھا جبکہ ایک وارڈ پر آزاد امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوا۔ترال میونسپل کمیٹی کے13وارڈوں میں9خالی رہیں،جبکہ3پر بی جے پی اور ایک پر ایک آزاد امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوا۔
پانپور میونسپل کمیٹی میں بی جے پی کو4جبکہ ایک آزاد امیدوار کو بلا مقابلہ کامیاب قرار پائے،جبکہ12 وارڈ خالی رہے۔
ضلع کولگام
خالد جاوید کے مطابق کولگام ضلع میں مجموعی طور پر47انتخابی وارڈ ہیں،جس میں27نشستیں خالی رہیں،جبکہ20پر امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوئے۔کولگام میونسپل کمیٹی میںؓ کل 12وارڈ ہیں۔ ان میں سے 2 پربھاجپا امیدوار،3پر آزاد امیدوار اور 7وارڈ خالی رہے۔قاضی گنڈ میونسپل کمیٹی کے10وارڈوں میں بی جے پی نے 4سیٹیں حاصل کیںجبکہ 3خالی رہیںاور3نشستیں آزاد امیدواروں نے اپنے نام کی۔
دیوسر میونسپل کمیٹی میں بی جے پی نے 8سیٹیں حاصل کرلیں۔یاری پورہ میونسپل کمیٹی میں بھاجپا نے3 نشستیں حاصل کیں جبکہ4وارڈ خالی رہے۔ فرصل میں کوئی بھی امیدوار کھڑا نہیں ہوا تھا
ضلع شوپیان
شاہد ٹاک کے مطابق شوپیاں ضلع میں صرف ایک بلدیاتی ادارہ ہے۔
میونسپل کمیٹی شوپیان کے17وارڈوں میںسے کسی پر ووٹنگ نہیں ہوئی۔یہاں بھاجپا کے امیدوار11 نشستوں پر بلا مقابلہ کامیاب ہوئے،جبکہ6وارڈ خالی رہے۔ یہاں مہاجر کشمیری پنڈتوں نے چنائو میں حصہ لیا جن میں سے کوئی بھی شوپیان میں اب قیام پذیر نہیں ہے۔
ضلع بارہمولہ
فیاض بخاری کے مطابق بارہمولہ میونسپل کونسل کے21وارڈوں میں کانگریس کے12امیدواروں نے جیت درج کی،جبکہ6انتخابی وارڈوں پر بی جے پی کے امیدواروں نے میدان مارا۔3وارڈوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔
وتر گام میونسپل کمیٹی میں بی جے پی کے 7 امیدواروں نے بلا مقابلہ الیکشن میں کامیابی حاصل کی،جبکہ واحد ایک وارڈ (وارڈ نمبر2)میں مجموعی طور پر ڈالے گئے19 ووٹوں میں سے بھاجپا امیدوار گلزار ڈار نے انکے مد مقابل امیدوار مدثر احمد کو5ووٹوں سے ہرا دیا،گلزار نے12جبکہ مدثر نے7ووٹ اصل کئے۔
اس کمیٹی میں مجموعی طور پر بی جے پی کے8 اور کانگریس ایک امیدوار بلا مقابہ کامیاب ہوا،جبکہ4انتخابی وارڈوں میں کوئی بھی امیدوار کھڑا نہیں ہوا تھا۔ پٹن میونسپل کمیٹی میں13وارڈوں میں11وارڈوں پر امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوئے جبکہ دیگر2نشستوں پر کوئی بھی امیدوار کھڑا نہیں ہوا تھا۔
سوپور میونسپل کمیٹی کے21وارڈوں میں13پر کوئی بھی امیدوار نہیں تھا،جبکہ بھاجپا کے7امیدوار اور ایک آزاد امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوئے۔کنزر میونسپل کمیٹی کے7وارڈوں میں2نشستوں پر کوئی بھی امیدوار کھڑا نہیں تھا،جبکہ3وارڈوں میں آزاد امیدوار اور2پر بی جے پی کے امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوئے۔اوڑی میں7آزاد امیدواروں اور6کانگریس امیدواروں نے میدان مارا جبکہ بھاجپا نے یہاں کھاتہ نہیں کھولا۔
کپوارہ
اشرف چراغ کے مطابق کپوارہ ضلع میں مجموعی طور پر39انتخابی وارڈ ہیں،جن میں 17وارڈوں پر امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوئے،جبکہ2نشستیں خالی رہیں۔مجموعی طور پر18پر آزاد امیدواروں نے میدان مار لیاجبکہ بی جے پی اور جنتا دل یونائٹیڈ ایک ایک وارڈ میں کامیاب ہوئے۔
کپوارہ میونسپل کمیٹی کے13وارڈوں میں آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔لنگیٹ میونسپل کمیٹی میں 9آزاد امیدوارو ں نے بلا مقابلہ پہلے ہی کا میابی حاصل کی ہے جبکہ دو پر بی جے پی کے امیدوارو ں نے کا میابی حاصل کی اور دو وارڈوں پر کسی بھی امیدوار نے الیکشن نہیں لڑا ۔
بانڈی پورہ
عازم جان کے مطابق بانڈی پورہ ضلع میں43انتخابی وارڈ ہیں،جن میں13امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوئے جبکہ3نشستیں خالی تھیں۔بانڈی پورہ میونسپل کمیٹی پر کانگریس نے 17میں سے 12حلقوں پر کامیابی حاصل کرلی، بی جے پی نے 3 اور2 آزاد امیدواروںنے نشستیں حاصل کیں۔
حاجن میونسپل کمیٹی میں کانگریس نے 10نشستوں پر بلامقابلہ کامیابی حاصل کرلی ،جبکہ دیگر نشستیں خالی رہیں۔سمبل میونسپل کمیٹی میں کانگریس نے5نشستیں حاصل کرلی۔ یہاں 8حلقوں پر آزاداْمیدواروں نے ہی میدان صاف کیا۔
گاندربل
ارشاد احمد کے مطابق گاندربل میں مجموعی طور پر17 وارڈ ہیں،جن میں سے5حلقوں پر اْمیدواروں کو بلامقابلہ کامیاب قرار دیا گیا۔ وسطی ضلع گاندربل میں ووٹنگ کے دوران جو نتائج سامنے آئے ان کے مطابق13حلقوں پر آزاد اْمیدواروں نے میدان مارلیا جبکہ بی جے پی اور کانگریس پارٹی نے 2، 2نشستیں حاصل کیں۔
بڈگام
نمائندے کے مطابق بڈگام میں مجموعی طور پر انتخابی وارڈوں کی تعداد72ہے،جن میں43میں امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوئے،جبکہ28نشستوں پر کوئی بھی امیدوار کھڑا نہیں ہوا تھا۔میونسپل کمیٹی بڈگام میں13وارڈوں میں کانگریس نے6جبکہ بی جے پی نے4نشستوں پربلامقابلہ قبضہ جما دیا،جبکہ3وارڈوں پر کوئی بھی امیدوار کھڑا نہیں ہوا تھا۔
میونسپل کمیٹی ماگام میں13وارڈوں میں6نشستیں خالی تھی،جبکہ دیگر6وارڈوں میں آزاد امیدواروں نے بلا مقابلہ میدان مار لیا،اور ایک نشست پر بھاجپا امیدوار بھی بلا مقابلہ کامیاب ہوا۔بیروہ میونسپل کمیٹی کے13وارڈوں میں سے12 خالی رہے جبکہ ایک وارڈ میں آزاد امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوا۔
چرار شریف میونسپل کمیٹی میں11نشستوں پر کانگریس کے امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوئے،جبکہ2نشستیں خالی رہیں۔
خان صاحب میونسپل کمیٹی کی تمام7نشستوں پر آزاد امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوئے۔چاڈورہ میونسپل کمیٹی کی13نشستوں میں سے5وارڈوں میں کوئی بھی امیدوار کھڑا نہیں ہوا تھا جبکہ6پر کانگریس اور2پر آزاد امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوئے۔
جموں میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی نے 43سیٹیں جیت کر واضح اکثریت حاصل کر لی ۔ کانگریس کو 14وارڈوں میں کامیابی ملی تو 18وارڈوں پر آزاد امیدوار کامیاب رہے ۔ ادہم پور میونسپل کونسل اور رام نگر میونسپل کمیٹی کے ایک ایک وارڈ پر دو امیدواروں نے برابر ووٹ حاصل کئے جس کے بعد ٹاس کے ذریعہ ہار جیت کا فیصلہ کیا گیا۔
ضلع سانبہ کے 56وارڈوں میں سے 28پر آزاد، 18پر بی جے پی اور کانگریس 9جب کہ پینتھرز پارٹی ایک نشست پر کامیاب رہے ۔ کٹھوعہ ضلع کے 6اداروں کے 80وارڈوں میں سے بی جے پی نے 35، آزاد امیدواروں نے 26تو کانگریس نے 19نشستیں حاصل کی ہیں۔
ادہم پور ضلع کی ایک میونسپل کونسل اور دو میونسپل کمیٹیوں رام نگر و چنہنی کے 41وارڈوںکیلئے ہوئے الیکشن میں بی جے پی نے 14حلقوں میں کامیابی حاصل کی، 13پر آزاد،11پر پینتھرز پارٹی تو کانگریس 3نشستوں پر کامیاب رہی۔ ضلع ریاسی کی دو میونسپل کمیٹیوں ، ریاسی اور کٹرہ کی 26نشستوں میں سے بی جے پی 13، آزاد امیدواروں نے 9اور کانگریس نے 4نشستیں جیت لی ہیں۔
خطہ پیر پنچال
پونچھ ضلع کی 2میونسپل کمیٹیوں ، پونچھ اور سرنکوٹ کے 30وارڈ تھے۔ پونچھ کے 17حلقوں میں سے 11پر جب کہ سرنکوٹ کے 13میں سے 12وارڈوں پر آزاد امیدوار کامیاب رہے ہیں۔
کانگریس کودونوں حلقوں میں 3اور بھاجپا کو 4نشستوں پر کامیابی ملی ہے ۔ راجوری ضلع کی 5میونسپل کمیٹیوںراجوری، تھنہ منڈی، کالا کوٹ ، نوشہرہ اور سندر بنی کی کل63 نشستوں میں سے 23پر بی جے پی نے جیت حاصل کی جب کہ کانگریس اورآزاد اامیدواربیس20سیٹوں پر کامیاب رہے ۔
اس ضلع کی سندر بنی اور نوشہرہ میونسپل کمیٹیوں میں بی جے پی نے واضح اکثریت حاصل کی ہے جہاں سندر بنی کے 13میں سے 10اور نوشہرہ کے 13میں سے 7نشستوں پر پارٹی نے جیت حاصل کی ہے ۔
راجوری کی 17میں سے 6نشستیں بھاجپا نے جیتی ہیں تو تھنہ منڈی اور کالا کوٹ میں پارٹی کھاتہ بھی نہیں کھول پائی ہے ۔
خطہ چناب
میونسپل کمیٹی بانہال میں کانگریس نے سویپ کرتے ہوئے 7میں سے سات نشستیں جیت لیں تومیونسپل کمیٹی بٹوت میں بی جے پی نے پرچم لہرایا ہے ۔ 7رکنی کمیٹی میں بی جے پی نے 4، کانگریس نے ایک اور 2آزاد امیدوارکامیاب قرار دئیے گئے۔ کشتواڑ کے 17میں سے 10اور ڈوڈہ کے 17میں سے 11حلقوں میں آزاد امیدوار فاتح رہے ۔
یہاں بی جے پی کو بالترتیب ایک اور تین نشستیں ملیں تو کانگریس نے دو اور تین نشستیں حاصل کی ہیں۔ بھدرواہ میونسپل کمیٹی میں کانگریس نے 6، بی جے پی نے 3اور 4آزاد امیدواروں نے جیت حاصل کی ہے
۔ ٹھاٹھری کے 7وارڈوں میں سے بی جے پی نے ایک، کانگریس نے 3اور آزاد امیدوار 3نشستوں پر قابض رہے ۔ رام بن کی 7میں سے 6نشستوں پر چنائو ہوا، بی جے پی، کانگریس اور آزاد دو دو نشستیں حاصل کر پائے، کمیٹی کے وارڈ نمبر2کے امیدوار کی پولنگ کے دوران موت ہونے کی وجہ سے چنائو منسوخ کر دیا گیا تھا ۔
بانہال خطہ چناب کا واحد ادارہ تھا جہاں کانگریس کے 3امیدواروں کو بلا مقابلہ کامیاب قرار دیا گیا تھا۔