کشمیری عازمین کے لئے حج کمیٹی کی جانب سے سری نگر میں تربیتی اجتماع

سری نگر:جاریہ سال مکہ مکرمہ کو حج کی غرض سے جانے والے کشمیری عازمین کے لئے مرکزی حج کمیٹی نے تربیتی پروگرام کی پہل کی ہے۔ اس تربیتی پروگرام کا مقصد عازمین میں حج کے متعلق معلومات فراہم کرنا ہے۔

پروگرام کے دوران متعلقہ حکام حج کے دوران کیاکرنا چاہئے اور کیا نہیں کرنا چاہئے کے متعلق پمفلٹس کی تقسیم اور خطاب کریں گے۔عازمین کو اسکرین کے ذریعہ بورڈنگ لاجنگ اور عبادت کے متعلق معلومات فراہم کئے جائیں گے۔

سابق حج افیسر وٹرینر حاجی عبدالرشید نے کہاکہ ’’ ہماری تربیت دو حصوں میں تقسیم کی گئی ہے پہلے حصہ میں ہم ریاستی اور مرکزی حکومت کے علاوہ سعودی عربیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتوں سے عازمین کو واقف کروائیں گے اوردوسرا حصہ ہوگا طریقہ حج کی ادائی کے متعلق معلومات فراہم کرنے کا‘‘۔ انہو ں نے کہاکہ عازمین کی کثیرتعداد ہمارے تربیتی پروگرام میں شریک ہوتی ہے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ ’’ سفر حج طویل ہے اور تربیتی پروگرام اس سفر کے لئے عازمین کو ذہنی طور پر تیار کرنا ہے‘‘۔ اسلام کے پانچ ارکان میں حج ایک اہم فریضہ ہے جو معاشی اور جسمانی طور پر مضبوط مسلمانوں پر فرض کیاگیا ہے۔ پچھلے سال ہندوستان کی مختلف ریاستوں سے 99,903عازمین حج مکہ حج کمیٹی آف انڈیا کے تحت جدہ سعودی عربیہ بغرض ادائی حج روانہ ہوئے تھے جبکہ 36000عازمین خانگی ٹور اپریٹرس سے روانہ ہوئے تھے۔