بنکاک ۔ 19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) تھائی لینڈ کے دریائے چاؤفرایا میں جو کشتی حادثہ کا شکار ہوگئی تھی، اس میں موجود لاپتہ مسافروں کی تلاش کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ کشتی میں سوار تمام مسافرین مسلمان تھے اور ایوتھایا میں ایک خانقاہ پر حاضری اور مسجد میں نماز ادا کرنے کے بعد واپس ہورہے تھے کہ کشتی تیز لہروں کی زد میں آ کر ایک سخت چٹان سے جا ٹکرائی۔ ایوتھایا یہاں کا سیاحتی مقام ہے جہاں مسلمانوں کے علاوہ دیگر مذاہب کے لوگ بھی جوق در جوق آتے ہیں۔ اب تک مہلوکین کی تعداد 15 بتائی گئی ہے جبکہ 11 افراد لاپتہ ہیں۔ ایوتھایا کے ڈپٹی گورنر ریوت پراسونگ نے میڈیا کو یہ بات بتائی جبکہ کل شام تک مرنے والوں کی تعداد صرف 13 بتائی گئی تھی۔ 14 افراد ہاسپٹل میں زیرعلاج ہیں اور آج صبح لاپتہ افراد کی تلاش دوبارہ شروع کی گئی۔ کشتی کے تمام مسافرین میں بیرون ملک کا کوئی مسافر سوار نہیں تھا۔