کشتواڑ میں پریہار برادران کی ہلاکت کے خلاف ہڑتال

جموں ، 8نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر کے قصبہ کشتواڑ میں جمعرات کوبی جے پی کے ریاستی سکریٹری انیل پریہار اور ان کے بھائی اجیت پریہار کی ہلاکت کے خلاف ہڑتال کی گئی۔ہڑتال کے دوران دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں معمول کا کام کاج جزوی طور پر متاثر رہا۔ سناتھن دھرم سبھا نے ہڑتال کی کال دی تھی۔ مجلس شوریٰ، وی ایچ پی، چناب ویلی ٹریڈرس ایسوسی ایشن اور بیوپار منڈل نے اس کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ قصبہ سے اگرچہ دن کا کرفیو ہٹایا جاچکا ہے ، تاہم احتیاطی طور پر ریاستی پولیس اور سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری بدستور تعینات رکھی گئی ہے ۔ریاستی گورنر ستیہ پال ملک نے 5 نومبر کو سول سکریٹریٹ میں دربار مو دفاتر کھلنے کے موقع پر نامہ نگاروں کو بتایا کہ بی جے پی ریاستی سکریٹری انیل پریہار اور ان کے بھائی اجیت پریہار کی ہلاکت میں ملوث ملزمان کی شناخت کرلی گئی ہے ۔ ملزمان کو عنقریب عوام کے سامنے لایا جائے گا۔ گورنر موصوف نے کہا کہ پریہار براداران کی ہلاکت کا واقعہ ایک جنگجویانہ کاروائی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگجووں کی طرف سے یہ کاروائی مایوسی میں انجام دی گئی۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کشتواڑ راجندر گپتا کا بھی یہی کہنا ہے کہ مشتبہ افراد کی شناخت مکمل کرلی گئی ہے اور کیس کو بہت جلد کریک کرلیا جائے گا۔