پہلی اور دوسری جماعتوں کیلئے بیاگ کا وزن 1.5 تا 2 کیلو مقرر
بنگلورو ۔ /5 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں اسکولی طلبہ کو غیر معمولی راحت ملی جب ریاستی حکومت نے اعلان کیا کہ اسکولی بیاگ کا وزن کسی بھی طالبعلم کے وزن کے 10 فیصد (وزن) سے متجاوز نہیں ہونا چاہیے ۔ محکمہ تحتانوی و ثانوی تعلیم نے اس ضمن میں ایک اعلامیہ کے ذریعہ بچوں کے اسکولی بیاگس کے وزن کی بالائی حد سے متعلق رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں ۔ جس کے مطابق پہلی اور دوسری جماعت کے طلبہ کے اسکولی بیاگس 1.5 اور 2 کیلو کے درمیان ہوں گے ۔ تیسری ، چوتھی اور پانچویں جماعتوں کے طلبہ کے لئے بیاگس کا وزن 2 تا 3 کیلو کے درمیان رہے گا ۔ چھٹویں تا آٹھویں جماعت کے طلبہ کے بیاگس 3 تا 4 کیلو وزنی ہوں گے ۔ نویں اور دسویں جماعت کے طلبہ کے بیاگس 5 کیلو وزنی ہوں گے ۔ کرناٹک کے تمام اسکولوں کو رواں تعلیمی سال سے ان احکام پر عمل آوری کی ہدایت کی گئی ہے ۔ 2016-17 ء میں محکمہ تعلیمی تحقیقی و تربیت نے مرکز برائے قانون و اطفال ، نیشنل لاء اسکول بنگلورو کے اشتراک سے کئے گئے ایک مطالعاتی جائزہ میں ریاست کے سرکاری و امدادی اسکولوں میں طلبہ کے بیاگس کا وزن گھٹانے کی سفارش کی گئی تھی ۔ جس کے تناظر میں یہ تازہ ترین احکام جاری کئے گئے ہیں ۔
اس ضمن میں طلبہ کی رائے بھی لی گئی تھی ۔ اسکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پہلی اور دوسری جماعتوں کے طلبہ کو کوئی ہوم ورک نہ دیا جائے اور ان کی نوٹ بک 100صفحات سے زائد کی نہیں ہونی چاہیے ۔ علاوہ ازیں تمام اسکولس کو ہدایت کی گئی ہے کہ یہ مہینہ کے تیسرے ہفتہ کو ’بیاگس لیس ڈے ‘ بیاگ کے بغیر اسکول کا دن منایا جائے گا ۔