کبوتر کے ذریعہ خفیہ پیام رسانی

پنجاب میں پاکستانی پرندہ پکڑ لیا گیا
چندی گڑھ 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مشتبہ حالت میں دستیاب ایک کبوتر کا انٹلی جنس اور فوجی عہدیدار نے تفصیلی مشاہدہ و معائنہ کیا جس کے پروں پر اُردو تحریر تھی۔ حکام کو شبہ ہے کہ یہ کبوتر، پنجاب سے اُڑ کر پنجاب کے ضلع ہوشیار پور آیا ہوگا۔ موئلا گاؤں کے ایک دیہاتی نریش کمار کے مکان میں جمعرات کے دن یہ کبوتر پایا گیا۔ جس نے دیکھا کہ کبوتر کے پروں پر اُردو زبان میں خفیہ تحریر ہے۔ پولیس کو مطلع کرنے پر پرندہ کو ضبط کرلیا گیا۔ بعدازاں سکیوریٹی ایجنسیوں نے کبوتر کا معائنہ کیا اور ایکس رے اسکان بھی کروایا گیا جس کے پروں پر بعض ہندسوں کی شکل میں تحریر پائی گئی۔ یہ پتہ چلانے کی کوشش جاری ہے کہ یہ کسی موبائیل نمبر تو نہیں؟ موکرین کے ڈی ایس پی مسٹر بھوپندر سنگھ نے بتایا کہ اُردو تحریر کا ترجمہ کروانے پر پتہ چلا کہ یہ الفاظ اتوار ، چہارشنبہ اور جمعرات تھے۔ گزشتہ سال بھی ضلع پٹھان کوٹ کے بامیال سیکٹر میں بعض دیہاتیوں نے اُردو الفاظ کی تحریر کے ساتھ ایک کبوتر پکڑلیا تھا۔