کانگریس کی آج ریالی و ڈگ وجئے سنگھ کا خصوصی خطاب

پرانے شہر میں روڈ شو وخلوت میں جلسہ عام ، اُتم کمار ریڈی اور محمد علی شبیر کی شرکت
حیدرآباد۔ 28 جنوری (سیاست نیوز) قومی قائد کانگریس پارٹی مسٹر ڈگ وجئے سنگھ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی 29 جنوری بروز جمعہ حیدرآباد میں جاری بلدی انتخابات کی مہم میں حصہ لیں گے۔ مسٹر ڈگ وجئے سنگھ خلوت میں شام 7 بجے منعقد شدنی عظیم الشان مرکزی جلسہ عام سے خطاب کریں گے جس میںجناب خورشید احمد سعید صدر قومی اقلیتی کانگریس کمیٹی کے علاوہ ریاستی قائدین کے علاوہ دیگر سرکردہ قائدین و امیدوار موجود رہیں گے۔ مسٹر ڈگ وجئے سنگھ کے پروگرام کے مطابق وہ دوپہر حیدرآباد پہونچیں گے اور ایک بجے جمی گڈہ ڈاکٹر اے ایس راؤ نگر ڈیویژن میں انتخابی مہم چلائیں گے جہاں سے وہ تارناکہ ڈیویژن میں انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ شام 5 بجے سے مسٹر ڈگ وجئے سنگھ کی ریالی کا آغاز حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ سے ہوگا جو مختلف علاقوں سے گزرتی ہوئی جلسہ گاہ پہونچے گی۔ مسٹر ڈگ وجئے سنگھ کی ریالی چندرائن گٹہ اسمبلی حلقہ سے شروع ہوگی اور فلک نما، انجن باؤلی، علی آباد، لال دروازہ، شاہ علی بنڈہ، مکہ مسجد، چارمینار، لاڈ بازار، موتی گلی سے گزرتی ہوئی خلوت میں عظیم الشان جلسہ میں تبدیل ہوجائے گی۔ صدر پردیش کانگریس مسٹر این اتم کمار ریڈی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عظیم الشان جلسہ عام و ریالی کو کامیاب بنائیں۔ انتخابی ریالی و جلسہ عام میں کانگریس امیدوار پرانا پُل محمد غوث، گھانسی بازار پروین سلطانہ، شاہ علی بنڈہ محمد سہیل، جنگم میٹ سلطان مرزا، دبیرپورہ ساجد شریف، پتھر گٹی موسیٰ قاسم، عرفان للیتا باغ کے علاوہ دیگر موجود رہیں گے۔ خلوت میں منعقد ہورہے جلسہ کے متعلق محمد غوث نے بتایا کہ پرانے شہر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنے بڑے پیمانے پر کانگریس پارٹی کے بیانر پر جلسہ عام منعقد ہوگا اور اس تاریخی جلسہ عام سے مسٹر ڈگ وجئے سنگھ ، جناب خورشید احمد سعید کے علاوہ اتم کمار ریڈی، محمد علی شبیر، وی ہنمنت راؤ، انجن کمار یادو اور دیگر قائدین خطاب کریں گے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ جلسہ کے انعقاد کے سلسلہ میں زور و شور کے ساتھ تیاریاں جاری ہیں۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ انتخابی سرگرمیوں سے بالائے طاق رہتے ہوئے پرانے شہر میں جاری اس تبدیلی کی لہر کا ساتھ دیں اور کانگریس کا خیرمقدم کرتے ہوئے حقائق سے آگہی حاصل کریں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کے سلسلہ میں جاری مہم کے دوران کانگریس امیدواروں کی جانب سے پرانے شہر میں چلائی جارہی مؤثر مہم کو دیکھتے ہوئے سیاسی حلقوں کے علاوہ ذرائع ابلاغ اداروں میں بھی 29 جنوری کو منعقد ہورہے مرکزی انتخابی جلسہ عام کے متعلق کافی اہمیت دی جانے لگی ہے۔