۔۔17 لوک سبھا حلقوں کے قائدین کا گاندھی بھون میں اجلاس ، اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے پارٹی کیڈر کو وسط مدتی انتخابات کے لیے تیار رہنے اور پارٹی کو تنظیمی سطح پر مستحکم کرنے پر زور دیا ۔ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف علم بغاوت کرنے کی ہدایت دی ۔ اسمبلی سطح کے قائدین کے ساتھ آج گاندھی بھون میں اجلاس منعقد کیا جس میں اے آئی سی سی انچارج سکریٹری آر سی کنٹیا کے علاوہ اے آئی سی سی سکریٹریز نے شرکت کی ۔ وسط مدتی انتخابات کی تیاریاں کرنے کے لیے آج گاندھی بھون میں صبح 11 تا شام 8 بجے ریاست کے 17 لوک سبھا حلقوں کے اسمبلی سطح قائدین کا اجلاس طلب کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے پارٹی کو بوتھ سطح سے تنظیمی طور پر مستحکم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے تمام بوتھ کمیٹیوں کو جلد از جلد مکمل کرنے اور ہر کمیٹی میں 14 ارکان کو شامل کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے اے آئی سی سی کے احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے منڈل اور اضلاع کی کمیٹیاں مکمل سطح پر تشکیل دینے اور شکتی ایپ میں کارکنوں کے ناموں کو اندراج کرانے کی پارٹی قائدین کو ہدایت دی ۔ ہر منڈل سے 1000 کارکنوں کو شکتی ایپ سے جوڑنے اور ہر بوتھ کے لیے سوشیل میڈیا کوآرڈینٹر کو نامزد کرتے ہوئے پارٹی کے پیغام کو کیڈر تک پہونچانے کا مشورہ دیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے پارٹی کیڈر کو وسط مدتی انتخابات کے لیے تیار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تین اے آئی سی سی سکریٹریز ، بوس راجو ، سلیم احمد ، سرینواسا کرشنن انہیں مختص کردہ حلقہ پارلیمان کا دورہ کرتے ہوئے پارٹی کے مقامی قائدین سے ملاقات کریں گے اور پارٹی کو تنظیمی سطح پر مستحکم بنانے میں مکمل تعاون و اشتراک کریں گے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے عوامی مسائل پر توجہ دینے کی قائدین کو ہدایت دی ۔ پارٹی کے قائدین کو نظریاتی اختلافات دور کرتے ہوئے پارٹی کو کامیاب بنانے کے لیے متحدہ طور پر کام کرنے کا مشورہ دیا ۔۔