: روزنامہ سیاست کی تحریک کا اثر :
ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی پوتری کی شادی میں سادگی
مسجد میں نکاح ، صرف آئسکریم سے مہمانوں کی تواضع ، گورنر ، چیف منسٹر اور دیگر معززین کی شرکت
حیدرآباد۔/2جنوری، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کی پوتری مس زارا فاطمہ دختر مسٹر محمد اعظم علی کی شادی محمد عبدالبصیر فرزند جناب محمد ابراہیم علی مرحوم کے ساتھ آج شام شاہی مسجد باغ عامہ میں انجام پائی۔ روز نامہ ’سیاست‘ کی تحریک سے متاثر ہوکر ڈپٹی چیف منسٹر نے انتہائی سادگی کے ساتھ مسجد میں نکاح کا فیصلہ کیا جہاں مہمانوں کی تواضع آئسکریم سے کی گئی۔ بعد نماز عصر تقریب نکاح منعقد ہوئی اور بعد مغرب اختتام عمل میں آیا۔ تقریب کے شرکاء اور معززین نے سادگی سے شادی کی تقریب کے انعقاد پر جناب محمود علی کو مبارکباد پیش کی۔ تقریب میں موجود ایڈیٹر’سیاست‘ جناب زاہد علی خاں کو مختلف معززین نے شادیوں میں سادگی کی تحریک پر مبارکباد پیش کی۔ ریاستی گورنر ای ایس ایل نرسمہن، چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ریاستی وزراء تقریب نکاح میں شریک ہوئے۔ مسجد کے ایک گوشہ میں خصوصی اسٹیج تیار کیا گیا تھا جس پر گورنر، چیف منسٹر اور دیگر معززین موجود تھے وہیں پر تقریب نکاح منعقد کی گئی۔ گورنر اور چیف منسٹر نے نوشہ محمد عبدالبصیر کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری،ریاستی وزراء این نرسمہا ریڈی، کے ٹی راما راؤ، ای راجندر، لکشما ریڈی، این اندرا کرن ریڈی، جوگو رامنا، ایم مہیندر ریڈی، جوپلی کرشنا راؤ، کے سرینواس یادو، پدما راؤ، ہریش راؤ، پوچارم سرینواس ریڈی، صدر نشین قانون ساز کونسل سوامی گوڑ، جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ قائد اپوزیشن قانون ساز کونسل محمد علی شبیر، رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کیشوراؤ، حکومت کے مشیر ڈی سرینواس، رکن قانون ساز کونسل فاروق حسین، ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو اے کے خاں، کمشنر پولیس حیدرآباد مہیندر ریڈی، چانسلر اردو یونیورسٹی ظفر سریش والا، نواب محبوب عالم خاں، مولانا مفتی خلیل احمد، مولانا مفتی محمد عظیم الدین، مفتی محبوب شریف، مولانا سادات پیر بغدادی، جناب ساجد پیرزادہ، مفتی صادق محی الدین فہیم، جناب خلیق الرحمن، مولانا سید شاہ مظہر حسینی، جناب حامد محمد خاں امیر جماعت اسلامی تلنگانہ، جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان، تلگودیشم قائد جناب علی بن ابراہیم مسقطی کے علاوہ مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں اور تنظیموں کے ذمہ داروں اور اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ گورنر اور چیف منسٹر نماز عصر سے قبل مسجد پہنچے اور نکاح کے فوری بعد روانہ ہوگئے۔ اس موقع پر مسجد اور اس کے اطراف سیکوریٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ دلہن کے دادا ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی اور والد جناب محمد اعظم علی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود ایم جے اکبر، سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور اور منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن بی شفیع اللہ نے انتظامات کی نگرانی کی۔ شہر کے علاوہ اضلاع سے بھی ٹی آر ایس قائدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔