نرسنگھ پور،26مارچ(سیاست ڈاٹ کام)مدھیہ پردیش کے نرسنگھ پور میں ایک ٹینکر ڈرائیور کی بہادری سے ایک بڑا حادثہ ہونے سے ٹل گیا۔ دراصل پٹرول پمپ میں ایک ٹینکر خالی کراتے وقت اس میں آگ لگ گئی۔ اس سے پٹرول پمپ میں افرا تفری مچ گئی۔ لوگ سڑک کی طرف بھاگنے لگے اس سے وہاں بھی بھگدڑ مچ گئی۔ ایسے حالات میں ڈرائیور نے بغیر وقت گنوائے ٹینکر چلایا اور پٹرول پمپ سے کافی دور لے گیا۔اس دوران ڈرائیور بھی آگ کی زد میں آگیا ۔ حادثہ کا ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے جسمیں ٹینکر ڈرائیور کی ہر طرف تعریف و ستائش ہو رہی ہے ۔ساجد نام کے ڈرائیور نے اسپتال میں داخل ہونے سے پہلے بتایا’’آگ لگنے سے لوگ گھبرا کر ادھر ادھر بھاگنے لگے ۔ میں بھی گاڑی سے دور جانے لگا، پھر مجھے یاد آیا کہ میں گاڑی لے کر بھاگوں‘‘۔ساجد نے مزید بتایاکہ تقریباً 7-8 کلومیٹر تک ٹینکر چلا کر میں گوٹے گاؤں تک لے گیا اور آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن میں ناکام رہا۔ پھر فائر بریگیڈ کو بلا کر آگ پر قابو پایا جاسکا۔