واشنگٹن ۔ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ تجارتی بات چیت میں مثبت پیشرفت ہورہی ہے کیونکہ دونوں ممالک سے تعلق رکھنے والے مذاکرات کاروں نے جمعرات کو ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا ہے تاکہ مختلف اشیاء پر عائد کئے جانے والے زائد ٹیکس کا تنازعہ جلد سے جلد ختم کیا جاسکے جس نے تجارتی جنگ کا روپ اختیار کرلیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق امریکی مذاکرات کار جمعرات کے روز چین پہنچے اور بات چیت کا آغاز ورکنگ ڈنر سے ہوا۔ مذاکرات کار بات چیت کا سلسلہ جمعہ کی شب تک جاری رکھیں گے۔ یاد رہیکہ تجارت کے ایجنڈہ پر دونوں ممالک نے قبل ازیں بھی بات چیت کے کئی مراحل طئے کئے تھے اور اب اسی سلسلہ کو مزید آگے بڑھایا جارہا ہے۔ اسی دوران صدر ٹرمپ نے وائیٹ ہاؤس میں موجود اخباری نمائندوں کی جانب سے چین کے ساتھ امریکہ کی بات چیت کے تازہ ترین موقف کے بارے میں سوال پوچھے جانے پر کہا کہ بات چیت بہت ہی اچھے انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔ چین کے ساتھ تجارتی بات چیت اور دیگر ممالک کے ساتھ مختلف دیگر ایجنڈوں پر بات چیت جاری ہے۔ ٹرمپ سے اخباری نمائندوں نے یہ بھی پوچھا کہ کیا موئلر کی رپورٹ کا چین ۔ امریکہ بات چیت پر کوئی منفی اثر پڑے گا؟ کیونکہ بعض میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہیکہ امریکہ کے ساتھ تجارتی بات چیت میں مزید کسی پیشرفت سے قبل چین کو موئلر کی رپورٹ کا انتظار ہے۔