ژنگجیاژی (چین)۔ 22 اگست (سیاست ڈاٹ کام) چین میں دنیا کا ایک ایسا پل عوام کے لئے کھول دیا گیا جس پر سے گذرنے والا راستہ شفاف شیشے سے بنا ہوا ہے اور ایسے لوگ جنہیں انتہائی اونچے مقام سے نیچے دیکھنے پر خوف محسوس ہوتا ہے، انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اس پل پر نہ آئیں۔ ژنگجیاژی میں پہاڑوں کا ایک ایسا سلسلہ ہے جو سیاحوں کے لئے انتہائی پرکشش ہے یہ انسانی دماغ کا ہی کارنامہ ہے کہ ایک ایسا پل تیار کیا گیا ہے جس پر سے گزر کر سیاح اپنے آپ کو پہاڑوں کے درمیان ہی محسوس کریں گے اور امریکی ہٹ فلم ’’اوتار‘‘ کی یاد تازہ ہوجائے گی۔ 430 میٹر طویل پل سطح زمین سے 300 میٹر بلند ہے۔ پل کا ڈیزائن اسرائیلی آرکیٹیکٹ ہائم دوتن نے تیار کیا ہے اور پل پر سے بیک وقت 800 افراد گذر سکتے ہیں۔